اسلام آباد:
لاپتہ طالبعلم حفیظ بلوچ کے بازیابی کیلئے بلوچ اسٹوڈنٹس کونسل اسلام آباد کا علامتی بھوک ہڑتالی کیمپ نیشنل پریس کلب اسلام آباد کے سامنے جاری ہے- کیمپ میں مختلف طبقہ فکر سے تعلق رکھنے والے افراد کا دورہ اور اظہار یکجہتی-
عوامی ورکر پارٹی اسلام آباد کے صدر ڈاکٹر عاصم سجاد عالیہ امیر علی اور عمار راشد نے طلباء کے کیمپ کے دورے کے موقع پر یکجتی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ طالب علم حفیظ بلوچ کی گمشدگی انتہائی قابل مزمت عمل ہے۔ اگر ریاست اور اس کے ادارے اس طرح معصوم طلباء کو بلا جواز لاپتہ کرتے رہیں گے تو اس سے طلباء میں شدید بے چینی اور غم وغصہ جنم لیگا۔
انھوں نے مزید کہا کہ بالادست قوتوں سے لڑنے کےلیے تمام مظلوم و محکوم قومیتیں خود کو ایک مشترکہ فرنٹ میں منظم کریں۔ منتشر اور بکھرے سیاسی قوتوں کو جوڑنا ہوگا مشترکہ جدوجہد سے ریاستی جبر اور مظالم کا مقابلہ کیا جاسکتا ہے۔ واضح رہے کہ حفیظ بلوچ کو فروری کی آٹھ تاریخ کو ان کے کوچنگ اکیڈمی خضدار میں ان کے اسٹوڈنٹس کے سامنے جبری طور پر لاپتہ کیا گیا تھا۔ ان کے اہل خانہ کا مطالبہ ہے کہ حفیظ بلوچ محض ایک طالبعلم ہے ان کو فوری طور پر رہا کیا جائے اگر کوئی جرم کیا ہے تو عدالت میں پیش کیا جائے۔