:خضدار
بلوچستان نیشنل پارٹی کے مرکزی رہنماء و رکن بلوچستان اسمبلی ثناء اللہ بلوچ نے چشمہ تحصیل زہری میں پرائیویٹ تعلیمی ادارہ ماڈل پبلک اسکول کے کے دورے کے موقع پر کہا کہ تعلیم بلوچ قوم کا مستقبل ہے تعلیم ہی کے ذریعے بلوچستان سے تعلیمی انحطاط اور پسماندگی کا خاتمہ ممکن ہے حکومتی سپورٹ کے بغیر ذاتی حیثیت سے تعلیمی خدمت کے لئے اپنے آپ کو وقف کرنا اور اس عظیم خدمت کو سرانجام دینا بلوچ قوم پر احسان عظیم ہے۔
انہوں نے کہا ایسے قوم دوست افراد کو ہم قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں کہ جنہوں نے بڑی تعداد میں بچے اور بچیوں کو تعلیم سے روشناس کرکے انہیں اگلے مرحلے کے لئے تیار کیا۔
اس موقع پر عبدالقدیر کرد، خضدار پریس کلب کے صدر منیر نور گرگناڑی، خضدار پریس کلب کے سابق صدر عبداللہ شاہوانی، میر غلام قادر موسیانی، تعلیمی ادارے بانی کے بی زہری و دیگر موجود تھے جنہوں نے رکن بلوچستان اسمبلی کو تعلیمی ادارے سے متعلق بریفنگ دی تعلیمی ادارے کی تاریخ کارکردگی اور اساتذہ کی خدمات سے آگاہ کیا۔
ثناء بلوچ نے ان خدمات پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ایسے علاقے میں ایک فرد کی جانب سے تعلیمی خدمات پیش کرنا باعث فخر ہے۔ انہوں نے کہا کہ قوم کے ایسے افراد تاریخ میں ہمیشہ زندہ و جاوداں رہتے ہیں جو اپنی ذات کی بجائے قوم کے افراد کے لئے سوچتے ہیں اور ان کے مستقبل کو بنانے پر اپنی توانائیاں صرف کرتے ہیں۔
انہوں نے کہا نسل نو کو تعلیم سے روشناس کرانا ہی اصل ترقی کا راستہ ہے، ایسے خدمت سے سرشار افراد کی حوصلہ افزائی کی ضرورت ہے، چاہیے تو یہی کہ حکومت کارکردگی دکھانے والے نامور پرائیویٹ تعلیمی اداروں کی سرپرستی بھی کرے ان کی تعمیر وترقی جو بغیر کسی مفاد کے صرف تعلیم ہی کو اپنی منزل اور اپنا نقطع نظر بنا رکھا ہے۔