:تربت
معروف سیاسی شخصیت و سابق صوبائی وزیر وسابق سینیٹر میر اسلم بلیدی کی سربراہی میں بلدیاتی الیکشن میں حصہ لینے کیلئے کیچ یکجہتی پینل کے نام سے پینل تشکیل دی گئی۔ بھرپور انتخابات لڑنے کااعلان، ہم خیال سیاسی جماعتوں سے سیٹ ایڈجسٹمنٹ بھی کیاجائے گا۔
میرمحمد اسلم بلیدی کی صدارت میں بلیدی ہاؤس تربت میں صوبائی اسمبلی حلقہPB-45کیچIکے عمائدین، سیاسی وسماجی اورہم خیال ساتھیوں کا ایک اہم اجلاس منگل کے روزمنعقد ہوا، اجلاس میں باہمی صلاح ومشورے کے بعد اتفاق رائے سے ”کیچ یکجہتی پینل“ تشکیل دی گئی جس کے سربراہ میر اسلم بلیدی ہوں گے اس سلسلے میں ایک 12رکنی مشاورتی کمیٹی بھی تشکیل دی گئی، یونین کونسل سطح پربھی کمیٹیاں تشکیل دی گئی ہیں۔
جبکہ سیدمجید شاہ ایڈووکیٹ کی سربراہی میں ایک لیگل کمیٹی تشکیل دی گئی ہے جو کیچ یکجہتی پینل کے امیدواروں کے کاغذات نامزدگی پرکرنے کے حوالے سے رہنمائی ودیگر قانونی پیچیدگیوں کے حوالے سے پینل کی معاونت کریں گے۔
کیچ یکجہتی پینل کے سربراہ میر اسلم بلیدی نے مشاورتی اجلاس کے بعدمیڈیا کوبریفنگ دیتے ہوئے کہاکہ کیچ یکجہتی پینل بلدیاتی الیکشن میں بھرپور اندازمیں حصہ لے گی، PB-45کیچIبلیدہ زامران ہوشاپ پیدراک حلقہ میں کل24یونین کونسل اورایک میونسپل کمیٹی ہے، پینل کی جانب سے تمام یونین کونسلوں اورمیونسپل کمیٹی بلیدہ کے تمام وارڈوں میں امیدوار کھڑے کرنے کے ساتھ ساتھ دیگر تحصیلوں میں بھی امیدوار کھڑے کئے جائیں گے۔
انہوں نے بتایاکہ آج کے مشاورتی اجلاس میں بلیدہ، زامران، کیساک، کیکن، شہرک، سامی، شاپک، ہیرونک، تجابان، کرکی، ہوشاپ، کولواہ بلور، کولواہ ڈنڈار، پیدراک، گورکوپ جمک سے ہم خیال ساتھیوں نے کثیرتعدادمیں شرکت کی، بلدیاتی الیکشن میں حصہ لینے کے حوالے سے پینل کے دوست پرجوش وپرعزم ہیں انشاء اللہ بلدیاتی الیکشن میں پینل بھاری اکثریت سے کامیابی حاصل کرے گی۔
انہوں نے کہاکہ بلدیاتی الیکشن جمہوری عمل ہے جمہوری نظام میں بنیادی ستون بلدیاتی ادارے ہیں جن کے ذریعے نچلی سطح پر عوام کے مسائل بہتراندازمیں حل کئے جاسکتے ہیں۔
انہوں نےمزید کہاکہ سیٹ ایڈجسٹمنٹ کیلئے پینل کے آپشن کھلے ہیں اس سلسلے میں پینل کی مشاورتی کمیٹی ضلع کیچ میں ہم خیال سیاسی جماعتوں سے گفت وشنید کرے گی۔