مند بینک ڈکیتی میں پیش رفت، بینک سیکورٹی گارڈ سمیت 3ملزمان گرفتار، 2گرفتار ملزمان کا تعلق مبینہ طورپر کالعدم تنظیم سے ہے، ایس پی کیچ محمد بلوچ کی پریس کانفرنس۔
ایس پی کیچ محمد بلوچ نے جمعہ کے روز اپنے دفتر میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہاکہ گزشتہ ماہ 23 اگست کو مند میں ایم سی بی برانچ میں 2اسلحہ بردار ڈکیتی کی نیت سے داخل ہوئے جو بینک سے تقریباً 1کروڑ 36 لاکھ 56 ہزار روپے لوٹ کر فرارہوگئے، جس کامقدمہ پولیس تھانہ مند میں مقدمہ نمبر 14/23 کے تحت درج کیا گیا اور پولیس کی تفتیشی ٹیم نے ملزمان کی تلاش شروع کردی۔
تلاش کے نتیجے میں جان محمد ولد علی اکبر سکنہ سلالہ بازار مند اور نعیم ولد رحیم بخش سکنہ نوکین کہن مند کو پولیس نے گرفتار کرلیا جن سے 3لاکھ روپے بھی برآمدکرلئے گئے۔
ایس پی کیچ محمد بلوچ کا کہنا تھا کہ گرفتار ملزمان کالعدم مسلح تنظیم بی ایل ایف کے اہم کارندے ہیں جبکہ اب تک کی گرفتاریوں سے ثابت ہوا ہے کہ اس واقعہ میں ملوث دیگر ملزمان امیر بخش عرف ملافراز ولد محمد سکنہ سلالہ بازار مند اور عمر عرف کماش جو بی ایل ایف کے کارکن ہیں وہ بینک ڈکیتی کے ماسٹر مائنڈ ہیں جن کی گرفتاری کے لیے کوششیں جاری ہیں۔
انہوں نے کہاکہ واقعہ میں ملوث ملزم ایس او ایس سیکورٹی کمپنی کی بینک سیکورٹی گارڈ کو بھی گرفتار کیاگیاہے، اس موقع پر ڈی ایس پی عبدالستار دشتی اور ایم سی بی کے سیکورٹی انچارج درمحمد بھی موجود تھے۔