کوئٹہ:
بلوچستان لیبر فیڈریشن کے مطابق کوئٹہ میٹرو پولیٹن کارپوریشن سمیت اندرون بلوچستان متعدد میونسپل کمیٹیاں، کنٹریکٹ ملازمین اور عارضی عملہ دو یا تین مہینوں سے تنخواہوں اور پنشن و دیگر واجبات سے محروم ہیں-
تنخواہوں اور پنشن کی عدم ادائیگی کے سبب انہوں نے کوئٹہ و دیگر اضلاع میں احتجاجی مظاہروں کی کال دی ہے۔ جس کے مطابق آج کوئٹہ سبی ہرنائی قلات ڑوب لورالائی و دیگر شہروں میں ملازمین کے مطالبات اور مسائل کے حل کیلئے شدید احتجاج کیا جائے گا- دوسری جانب بلوچستان لیبر فیڈریشن کے رہنماؤں نے میونسپل کارپوریشنوں اور میونسپل کمیٹیوں کے مزدوروں و ملازمین کو دو تا تین ماہ کی تنخواہوں پنشن و دیگر واجبات کی عدم ادائیگی اور ان اداروں کے عملہ صفائی کے ڈیلی ویجز ملازمین کو کئی کئی ماہ کی تنخواہیں ادا نہ کرنے پرسخت برہمی کا اظہارکیا ہے-
انہوں نے کہا کہ تعجب کی بات ہے اداروں کا نظام چلانے والا محنت کش طبقہ اور ملازمین کو اپنی تنخواہوں کیلئے رونا پڑتا ہے۔ غریب ملازمین کے بچے فاقوں کا شکار ہیں کوئی سننے والا نہیں- مزدور رہنماؤں نے کہا کہ نااہل اور کرپشن میں ملوث انتظامی افسران نے محکموں کو تباہی سے دوچار کرنے میں کوئی کسر نہیں چھوڑی۔ محکمہ فنانس کے حکام فنڈز کی ادائیگی کیلئے کمیشن کی خاطر فائیلیں غائب کردیتے ہیں جس کی وجہ سے صورتحال مزید گھمبیر ہورہی ہے- آج بھی کوئٹہ میٹروپولیٹن کارپوریشن سمیت سبی قلات ڑوب لورالائی ہرنائی اوستہ محمد اور دیگر میونسپل کمیٹیوں کے مزدور و ملازمین تنخواہوں اور ریٹائرڈ عملہ پنشن سے محروم ہیں اور غلط حکومتی اور یوروکریسی کے فیصلوں کا خمیازہ بھگت رہے ہیں دیگر پبلک سیکٹر کے محکموں میں صورتحال ٹھیک نہیں تمام ادارے مفلوج ہوچکے ہیں۔
Discover more from Balochistan Affairs
Subscribe to get the latest posts to your email.