تربت:
ڈی سی کیچ اور اسپورٹس حکام کااہم اجلاس،رمضان المبارک میں نائٹس ٹورنامنٹس منعقدکرنے کافیصلہ ۔
منگل کے روزتربت میں ڈپٹی کمشنر کیچ حسین جان بلوچ کی زیرصدارت اجلاس میں رمضان المبارک کے دوران آل مکران ڈپٹی کمشنر کیچ نائیٹ کرکٹ ٹورنامنٹ اور آل مکران نائیٹ فٹ بال ٹورنامنٹ کی منظوری دی گئی، رمضان المبارک کی پانچ تاریخ سے عید الفطر تک ٹورنامنٹ جاری رہیں گے۔
رمضان المبارک کے دوران نوجوانوں کو اسپورٹس سرگرمیوں میں ملوث رکھنے کے لیے ڈپٹی کمشنر کیچ حسین جان بلوچ کی زیرصدارت منگل کو ایک اہم اجلاس منعقد ہوا جس اسپورٹس آفیسر کیچ حبیب اللہ کے علاوہ فٹ بال اور کرکٹ سے تعلق رکھنے والے عہدہ داروں نے شرکت کی۔
اجلاس میں رمضان المبارک کی پانچ تاریخ سے عید الفطر تک نائیٹ ٹورنامنٹ کے حوالے سے بات چیت کے ڈپٹی کمشنر کیچ کے تعاون سے آل مکران ڈپٹی کمشنر کیچ نائیٹ کرکٹ ٹورنامنٹ اور آل مکران ڈپٹی کمشنر کیچ فٹ بال ٹورنامنٹ کی منظوری دی گئی۔ دونوں ٹورنامنٹ میں 60 کلبز اور یوتھ ٹیمیں حصہ لیں گی جن 8 ٹیمیں ضلع کیچ سے باہر اور 52 ٹیمیں ضلع کیچ سے لی جائیں گی۔
میڈیا کو بریفنگ دیتے ہوئے ڈپٹی کمشنر کیچ حسین جان بلوچ نے کہا کہ دونوں ٹورنامنٹ کے لیے ضلعی انتظامیہ بجٹ مہیا کرے گی تاکہ رمضان کے دوران نوجوانوں کے لیے انٹرٹیمنٹ کا موقع فراہم کرسکیں، انہوں نے کہاکہ دونوں ٹورنامنٹ میں کھیلوں کا آغاز نماز تراویح کے بعد سحری تک کیا جائے گا، اس کے علاوہ یوسی سطح پر بھی رمضان میں کھیلوں کی سرگرمیوں کے لیے یوتھ ٹیموں کو سہولت اور مالی امداد مہیا کرکے ٹورنامنٹ منعقد کریں گے۔
انہوں نے کہاکہ اس کے علاوہ تحصیل بلیدہ اور تحصیل تمپ میں بھی اسپورٹس سرگرمیوں کا انعقاد کیا جائے گا اس کا مقصد طلبہ اور نوجوان طبقے کو سماجی برائیوں سے بچاکر مثبت سرگرمیوں کی جانب راغب کرنا ہے، ڈپٹی کمشنر نے کہاکہ 28 مارچ سے ضلعی انتظامیہ کی زیر نگرانی ڈسٹرکٹ سطح پر کرکٹ ٹورنامنٹ جاری ہے جس کا فائنل میچ 31 مارچ کو بالی کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلا جائے گا، اس کے ساتھ رمضان کے دوران فٹبال، والی بال اور کرکٹ ٹورنامنٹ کے لیے چھوٹے اور دیہی علاقوں میں بھی ضلعی انتظامیہ مالی امداد فراہم کرے گی تاکہ ضلع کیچ میں ایک اسپورٹس دوست فضا قائم کرکے نوجوان کومعمارقوم بنایاجاسکے۔