بلوچستان کے ضلع چاغی کے مرکزی بازار میں بدھ کی شام سیکیورٹی فورسز کی گاڑی کے قریب بم دھماکہ ہوا۔جس کے نتیجے میں 2 سیکیورٹی اہلکار ہلاک جبکہ 3 زخمی ہوگئے۔
لیولز اہلکار عبدالرحمان نے کہا ہے کہ دھماکہ خیز مواد سڑک کنارے نصب تھا اور جیسے ہی سیکیورٹی فورسز کی گاڑی وہاں سے گزری تو ایک زور دار دھماکہ ہوگیا۔
عبدالرحمان نے بتایا کہ دھماکے کے فورا بعد سیکیورٹی فورسز و امدادی ٹیمیں جائے وقوعہ پہنچی جہاں سے ہلا ک اور زخمی اہلکاروں کو قریبی اسپتال منتقل کیا گیا۔
انہوں نے مزید بتایا کہ زخمی اہلکاروں کو اسپتال میں طبی امداد دی جارہی ہے۔سیکیورٹی فورسز نے جائے وقوعہ کو گھیرے میں لے کر شواہد اکٹھے کرنے شروع کردیےاور مذکورہ کارروائی کی مزید تفتیش بھی جاری ہے۔
تاحال کسی تنظیم نے دھماکے کی ذمہ داری قبول نہیں کی ہے۔