نیدر لینڈز کے تعلیمی اداروں کے کلاس رومز میں موبائل فونز، ٹیبلیٹس اور اسمارٹ واچز کو لے جانے پر پابندی عائد کی جا رہی ہے۔
ڈچ حکومت کی جانب سے اعلان کیا گیا کہ یکم جنوری 2024 سے اس پابندی کا اطلاق ہوگا اور اس کا مقصد تدریسی سرگرمیوں کے دوران طالبعلموں کی توجہ بھٹکنے سے بچانا ہے۔
بیان میں کہا گیا کہ کلاس روم میں موبائل فون یا دیگر ڈیوائسز لے جانے کی اجازت اس وقت ہوگی جب ان کی ضرورت ہوگی جیسے ڈیجیٹل اسکلز کے اسباق کے دوران یا طبی وجوہات وغیرہ۔
ڈچ وزیر تعلیم Robbert Dijkgraaf نے بتایا کہ اگرچہ اسمارٹ فونز اب ہماری زندگیوں کا حصہ بن چکے ہیں، مگر وہ کلاس رومز سے تعلق نہیں رکھتے۔
انہوں نے کہا کہ طالبعلموں کو اپنی توجہ تعلیم کے حصول پر مرکوز کرنے کی ضرورت ہوتی ہے جبکہ سائنسی رپورٹس سے ثابت ہوا ہے کہ موبائل فون تعلیم سے توجہ ہٹاتے ہیں۔
یہ پابندی وزارت تعلیم اسکولوں اور متعلقہ اداروں کے درمیان ہونے والے ایک معاہدے کے تحت لگائی جا رہی ہے۔
ڈچ وزیر تعلیم نے بتایا کہ تعلیمی ادارے اپنے انداز سے پابندی کا اطلاق کر سکیں گے اور 2024 کے موسم گرما میں اس پابندی سے مرتب اثرات کا جائزہ لیا جائے گا۔
Discover more from Balochistan Affairs
Subscribe to get the latest posts to your email.