تربت:
آل پارٹیز کیچ نے آل پارٹیزکے کنوینر خالد ولید سیفی کو ضلعی انتظامیہ کی جانب سے دی گئی نوٹس کومستردکردیا اورکہاکہ آل پارٹیز کیچ ایسی کسی نوٹس کو درخوراعتنا نہیں سمجھتی جس کامقصد بارڈر کرپشن کے خلاف تحریک کو دبانا ہو، آل پارٹیز اپنے کنوینر کے ساتھ کھڑی رہے گی، ان خیالات کااظہار آل پارٹیز کیچ کے رہنماؤں پاکستان پیپلزپارٹی مکران ڈویژن کے نائب صدر نواب شمبے زئی، بی این پی کے رہنما سیدجان گچکی اورنیشنل پارٹی کے رہنما محمد جان دشتی نے پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔
پریس کانفرنس میں انجمن تاجران تربت کے صدر اسحاق روشن دشتی، نیشنل پارٹی کے رہنما میر فضل کریم، میرناصر رند، حفیظ علی بخش، بی این پی عوامی کے راہنما زاہد سلیمان، جے یو آئی رہنما مولانا عبدالحفیظ مینگل، مولانا جاویدنعمانی، حافظ عبدالباقی، مولانا عبدالقدیر مینگل، مولانا محمد علی شیرانی سمیت دیگر شریک تھے۔
نواب شمبے زئی نے کہاکہ آل پارٹیز کیچ عوام کانمائندہ فورم ہے جو مختلف عوامی ایشوز پر آواز بلندکرتی رہی ہے مگر بارڈر کرپشن کے خلاف تحریک کے اعلان اور بلیدہ جرگہ کے بعد ضلعی انتظامیہ کی جانب سے کنوینر خالد ولیدسیفی کو بدنیتی پرمبنی ایک نوٹس جاری کیاگیا ہے جس میں سٹیلائٹ ٹاؤن کی اراضی پر قبضہ گیری کا الزام عائد کیاگیا ہے جو سراسر من گھڑت اور الزام تراشی کے سوا کچھ بھی نہیں اس لئے آل پارٹیز اس نوٹس کومکمل طورپر مسترد کرتی ہے اور ہم نے کنوینر سے گزارش بھی کی ہے کہ وہ اس نوٹس کاجواب تک نہ دے۔
انہوں نے کہاکہ آل پارٹیز نے ہمیشہ عوام اور انتظامیہ کے درمیان پل کا کردار اداکیاہے مگر انتظامیہ کا رویہ کسی بھی طرح عوام دوست نہیں، انتظامیہ عوامی ایشوز پر مثبت رویہ اپنانے اور عوام کی سہولیات وآسانیاں پیداکرنے کے بجائے مشکلات پیداکرنے کاباعث بن رہی ہے انتظامیہ کو اپنے رویوں میں بہتری لاکر بارڈرپوائنٹ بڑھانے اور لین سسٹم ختم کرنے کیلئے اقدامات اٹھانے چاہئیں۔
بی این پی کے رہنما سیدجان گچکی نے کہاکہ انتظامیہ عوامی مسائل کے حل میں اپنا کردار اداکرنے کے بجائے باقاعدہ پارٹی بنی ہوئی ہے اور سیاست کررہی ہے حالانکہ سیاست سیاسی جماعتوں کاکام ہے، آل پارٹیز کے قیام کامقصد ہی عوامی ایشوز پر آواز اٹھانا ہے مگر عوامی ایشوز پر آواز بلندکرنے کی پاداش میں انتظامیہ انتقامی کاروائی کے تحت آل پارٹیز کی جدوجہد کوسبوتاژ کرنے کی کوششیں کررہی ہے، کنوینر کو نوٹس کااجراء اسی سلسلے کی کڑی ہے، اگر کنوینر نے اس طرح کی کوئی قبضہ گیری کی ہے تو انتظامیہ نوٹس جاری کرنے کے بجائے جاکر انہیں گرادے۔
انہوں نے کہاکہ چوری ڈکیتی، بدامنی قتل وغارت کے واقعات پر انتظامیہ ٹس سے مس نہیں ہوتی بلکہ انتظامیہ کی تمام ترتوجہ بارڈر کاروبار پر لگی ہے۔
نیشنل پارٹی کے رہنما محمدجان دشتی نے کہاکہ غیرسیاسی ماحول کے قیام سازگارماحول بنانے کیلئے سیاسی کارکنوں کو ہدف بنایا جارہاہے، سیاسی کارکنان کے ساتھ انتقام گیری کسی صورت قابل قبول نہیں ہے انتظامیہ انتقام کے بجائے اصل عوامی ایشوز پر اپنی توجہ مرکوز رکھے اگر آل پارٹیز کے خلاف کوئی بھی ناجائز کرنے کی کوشش کی گئی تو بھرپور احتجاج کا راستہ اپنایاجائے گا۔
Discover more from Balochistan Affairs
Subscribe to get the latest posts to your email.