تربت :
مختلف نوعیت کے جھگڑوں، تنازعات، باہمی رنجشوں کے تصفیہ اور صلح صفائی کیلئے ڈویژنل سطح پر مصالحتی کمیٹی کا قیام عمل میں لایاگیا،
اس سلسلے میں بدھ کے روز معروف شخصیت حاجی قدیر احمدبلوچ کی سربراہی میں ایک اجلاس آکسفورڈ گرائمر اسکول تربت میں منعقد ہوا، جس میں حاجی کریم بخش، معتبر حاجی برکت رند،خان محمد جان، سیٹھ حاجی غلام یاسین، مفتی عبدالکبیر مینگل، حاجی حبیب اللہ بلوچ، عبدالرؤف کھتری سمیت دیگر نے شرکت کی،
حاجی قدیر احمدبلوچ نے اجلاس کے مقاصد بیان کرتے ہوئے کہاکہ معاشرے میں روزانہ بنیادوں پر مختلف نوعیت کے جھگڑے اور تنازعات پیش آتے رہتے ہیں، مگر مصالحتی کمیٹی اورصلح جو شخصیات نہ ہونے کی وجہ سے لوگ سالہا سال تھانوں، عدالتوں اورکچہریوں کے چکرلگاتے رہتے ہیں جس سے عداوتیں کم ہونے کے بجائے بڑھتے رہتے ہیں، پرانے دور میں صلح جو شخصیات بیچ میں پڑکر صلح صفائی کردیاکرتے تھے جس سے معاملات عداوتوں تک پہنچنے سے قبل حل ہوجاتے تھے مگر آج کل معاشرے میں ایسی شخصیات کم ہیں، معاشرے میں بردباری، رواداری اوربرداشت کم ہوتا جارہاہے،
بڑھتی ہوئی خود کشی کے واقعات کے پس منظر میں بے روزگاری، غربت کے ساتھ ساتھ گھریلو ناچاقی اور خاندانی تنازعات بھی اہم وجوہات ہیں جس کی وجہ سے علاقائی چنیدہ شخصیات پر مشتمل ایک مصالحتی کمیٹی کی تشکیل ناگزیر ہے۔
مختلف مقامات پر کئی ایسی شخصیات ہیں جو انفرادی طورپر ایسے تنازعات ومسائل کے حل کیلئے کوشاں رہتے ہیں تاہم اجتماعی سطح پر ایسی کاوش زیادہ سودمند ثابت ہوگی اور اس کے بہترومثبت نتائج برآمد ہوں گے
ہرمسئلہ کاحل باہمی گفت وشنید اور مذاکرات ہے، اجلاس میں مصالحتی کمیٹی کے قیام پر مکمل اتفاق کیاگیا اور اس سلسلے میں ایک کورکمیٹی تشکیل دینے پربھی اتفاق کیاگیا، مصالحتی کمیٹی میں اجلاس میں شریک افرادکے علاوہ حاجی برکت بلیدی، ملابرکت بلوچ، ہوتمان بلوچ، شے موسیٰ بلوچ، کہدہ عزیز دشتی، حاجی فداحسین دشتی، حاجی عبدالغفار رند ملا بابو، حاجی خدابخش، حمل گوڈی والا، جمال مری، حاجی عبدالرحمن سنگھور، حاجی گل جان میری والا، نصیر احمد گچکی، مجیب کیازئی مند،بشیر احمدمند، کہدہ الہٰی بخش کولواہ، حاجی عبدالکریم امارات، ملاخداداد، زاہد بائیان ، حاجی حنیف رند، ملاعبدالقیوم مند، عطاء جان محمد، مذہبی شخصیات میں مفتی عبدالکبیرمینگل، مفتی سعید احمد دیہاتی، مولانا محی الدین مند، خواتین میں رحیمہ جلال، سنگین گچکی، گوادر سے سید عیسیٰ نوری، میر ارشدکلمتی، مولانا ریاض احمد اورپنجگور سے مفتی محمد آصف، مولانا علی احمد سمیت دیگر شخصیات کو شامل کیاجائے گا جبکہ مختلف معاملات پر علاقائی سیاسی قیادت ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ، سید احسان شاہ، میراسلم بلیدی، میر امام یعقوب بزنجو، میر منشی محمد ، میر ظہور احمد بلیدی، میر اختر رشید ودیگر کوبھی آن بورڈ لیکر ان سے مشاورت اور رہنمائی حاصل کی جائے گی۔