پنجگور اور خضدار میں انٹرنیٹ کی ناقص سروس صارفین کیلئے وبال جان بن گئی۔
پنجگور میں تین ٹیلیفون ایکسچینج بند، ہزاروں لینڈ لائن ڈیڈ ہوگئے۔ پنجگور کے ہزاروں افراد نیٹ کی سہولیات سے محروم ہوگئے، بینک اور مالیاتی ادارے بھی متاثر ہوگئے ہیں۔
پنجگور میں موبائل کمپنیوں کے نیٹ سروس گزشتہ ایک سال سے بند ہیں اور لوگ پی ٹی سی ایل کے ڈی ایس ایل نیٹ سروس پر انحصار کررہے تھے مگر پانچ روز قبل تربت اور پنجگور کے درمیان نامعلوم افراد نے پی ٹی سی ایل کے ریپیٹر اسٹیشن کو تباہ کردیا تھا اور کئی روز گزرنے کے باوجود سسٹم بحال نہ ہوسکا۔ پی ٹی سی ایل ذرائع کے مطابق ریپیٹر اسٹیشن مکمل تباہ ہوگیا ہے جس کی توسیع و مرمت کے لیے مزید وقت درکار ہوگا۔
دوسری جانب خضدار کے علاقے توتک گبرو میں ناقص یوفون کعیانٹرنیٹ سروس نے صارفین کو اذیت میں مبتلا کر رکھا ہے۔ موبائل انٹرنیٹ کی رفتار انتہائی سست ہے جس سے صارفین شدید مشکلات سے دوچار ہیں۔ انہوں نے حکام بالا سے مطالبہ کیا کہ خضدار میں انٹرنیٹ سروس کی رفتار بڑھا کر صارفین کو سہولت مہیا کی جائے۔