انجمن تاجران تربت کے صدر اسحاق روشن دشتی نے منگل کے روز تربت پریس کلب میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کامیاب شٹرڈاؤن ہڑتال پر تمام تاجربرادری کو مبارکبادپیش کرتے ہوئے اعلان کیاکہ اگر کیسکو نے اپنا رویہ نہ بدلا اورہمارے مطالبات پر عمل درآمد یقینی نہ بنایا تو اگلے مرحلے میں احتجاج کے دائرہ کو ڈویژنل سطح پر وسعت دی جائے گی۔
انہوں نے کہاکہ تربت میں بجلی کا بحران روزبروز سنگین ہوتا جارہاہے کیسکو کے مقامی افسران، مقامی انتظامی افسران، کیسکو بلوچستان کے سی ای او اور گورنر بلوچستان سمیت تمام متعلقہ حکام کے سامنے ہم نے بجلی مسئلہ رکھا ہے مگر کہیں سے بھی کوئی مثبت اور حوصلہ افزاء پیش رفت نظرنہیں آتی جس پر انجمن تاجران نے اتفاق رائے سے ابتدائی مرحلے میں شٹرڈاؤن ہڑتال کی کال دی ہے، ہمارا مطالبہ ہے کہ سٹی فیڈر کو لوڈشیڈنگ سے مستثنیٰ قرار دیاجائے کیونکہ سٹی فیڈر پر ریکوری کی شرح80فیصد ہے۔
بجلی وولٹیج کومستحکم رکھاجائے کیونکہ وولٹیج کی کمی بیشی سے صارفین کے قیمتی برقی آلات جل رہے ہیں اور خراب ٹرانسفارمروں کی مرمت کیلئے کیسکو تربت میں ورکشاپ قائم کیاجائے، ٹرانسفارمروں کی کوئٹہ لیجاکر مرمت سے کئی ہفتے لگ سکتے ہیں جس سے صارفین شدید اذیت کا شکار رہتے ہیں۔
انہوں نے کہاکہ ہم تنگ آکر احتجاج کا راستہ اختیار کرنے پرمجبورہوگئے ہیں، انہوں نے کہاکہ بجلی ریکوری کے مسائل سے نمٹنا کیسکو کامسئلہ ہے جہاں کہیں ریکوری کامسئلہ درپیش ہے تو کیسکو اسے بہتربنانے کیلئے اپنا طریقہ کاربنائے مگر ریکوری کی آڑ میں تمام صارفین کو مشکلات میں ڈالنامناسب نہیں ہے۔
انہوں نے کہاکہ اگرایک ہفتہ تک ہمارے مطالبات پورے نہ ہوئے تو آئندہ سخت احتجاج، پہیہ جام، ڈویژنل سطح پر شٹرڈاؤن کے آپشن استعمال کریں اگر انتظامیہ نے اسی طرح بے حسی جاری رکھی تو حالات کی تمام تر ذمہ داری ضلعی انتظامیہ پرعائد ہوگی۔
پریس کانفرنس میں نثار آدم جوسکی، فداشیرجوسکی، جمال مری، یونس حمید، عبدالرحمن گوکدان، عقیل مراد، یوسف جان ودیگر بھی موجودتھے۔
Discover more from Balochistan Affairs
Subscribe to get the latest posts to your email.