بلوچستان بار کونسل کے زیر اہتمام وکلاء کانفرنس 29اپریل کو کوئٹہ میں منعقد ہوگی جس سے ملک بھر کے وکلاء تنظیموں کے رہنماء خطاب کریں گے۔
بلوچستان بار کونسل کے ایک اعلامیہ مطابق ملک میں آئین کی بالادستی، عوام کے حق حکمرانی، پارلیمنٹ کے وقار کے تحفظ،از خود کاروائی کی بابت وکلاء کے امنگوں کے مطابق پارلیمانی قانون سازی کی پزیرائی و حمایت ،عدالت عظمی سمیت عدلیہ کے ساکھ کی بحالی، سینارٹی و میرٹ کے تحت اعلی عدلیہ میں ججوں کی تقرریوں کو یقینی بنانے و کرپشن کے خلاف اقدامات تجویزاور اس میں ملوث عناصر کے خلاف آواز بلند کرنے،وکلاء کے عزت و وقار کی بلندی و پیشہ کے لئے ساز گار ماحول کی ضرورت و تقاضوں کی خاطر ملک بھر کے وکلاء کے اتحاد و ہم آہنگی کے فروغ کیلئے بلوچستان کے پائیہ تخت (شال کوٹ)کوئٹہ میں وکلاء کا پروقار نمائندہ کنونشن 29 اپریل بروز ہفتہ کو دن گیارہ بجے بلوچستان ہائی کورٹ میں منعقد ہوگا
جس سے پاکستان بار کونسل ،صوبائی بار کونسلز کے وائس چیئرمین اور چیئرمین ایگزیکٹیو کمیٹی اور ہائیکورٹ بار ایسوسی ایشنز اور ڈسٹرکٹ کورٹ بار ایسوسی ایشنز کے صدور و جنرل سیکرٹری خطاب کریں گے کوئٹہ سمیت بلوچستان بھر کے وکلاء سے وکلاء کانفرنس میں شرکت کی استدعا کی گئی ہے۔