تربت:
کیچ پبلک لائبریری کا شاندار افتتاح کمشنرمکران ڈویژن سید فیصل احمد آغا اور ڈپٹی کمشنرکیچ میجر (ر) بشیر احمد بڑیچ نے افتتاح کیا، پبلک لائبریری کیچ میں مطالعہ کے شوقین طلباء وطالبات کی علمی پیاس بجھانے کا اہم ذریعہ ثابت ہوگا۔
کمشنر مکران ڈویژن سید فیصل احمد آغا اور ڈپٹی کمشنرکیچ میجر (ر) بشیر احمدبڑیچ نے افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ کیچ کے لوگ تعلیم سے پیارکرتے ہیں انہیں علم سے عشق ہے اس لئے یہاں کے لوگوں کی علمی پیاس بجھانے کیلئے ایک جدید اور اعلیٰ معیارکے لائبریری کی ضرورت کے پیش نظر کیچ پبلک لائبریری کو انتظامیہ نے کافی محنت اور اخراجات کے بعد بحال کرایاہے۔
کمشنر مکران ڈویژن سید فیصل احمد آغا نے کہاکہ انتظامیہ ہمہ وقت لوگوں کی خدمت اور سپورٹ کیلئے تیار ہے عوامی خدمت ہی ہمارے لئے خوشیوں کا باعث ہوتاہے۔
ڈپٹی کمشنرکیچ میجر (ر) بشیر احمد بڑیچ نے کہاکہ کیچ پبلک لائبریری کی بحالی سے آج کیچ کے عوام کا ایک دیرینہ خواب شرمندہ تعبیر ہوگیا، عوام کی خدمت اور ان کے مسائل کے حل کوہم اپنا فرض منصبی سمجھتے ہیں، کیچ پبلک لائبریری کسی ایک ادارہ کانہیں بلکہ کیچ کے عوام کی لائبریری ہے معاشرے کے تمام مکاتب فکر کو اس سے مستفید ہونے کاموقع دیاجائے۔
انہوں نے کہاکہ معاشرے میں مثبت رجحانات کے فروغ اور دیرپا اثرات کے حامل اقدامات سے ہی نوجوان نسل کی بہتر رہنمائی ممکن ہوسکتی ہے لائبریری ایک ایسی جگہ ہوتی ہے جہاں پرسکوں ماحول میں طلباء وطالبات مطالعہ میں منہمک رہ اپنا مستقبل سنوار سکتے ہیں، انہوں نے کہاکہ بہترتعلیمی ماحول کے قیام اورنوجوانوں میں مطالعہ کے شوق کو پروان چڑھانے کیلئے ضلعی انتظامیہ ہرممکن تعاون کیلئے تیارہے، پبلک لائبریری کی بحالی میں کمشنر مکران کی بھرپور سپورٹ اورترغیب ہمیشہ ہمارے ساتھ رہی ہے۔
کیچ سول سول سوسائٹی کے نمائندے التاز سخی نے اپنے خطاب میں کیچ پبلک لائبریری کی بحالی پر ضلعی انتظامیہ کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے اس سلسلے میں نوجوان عزیز حاصل دشتی کی جہد مسلسل کو خراج تحسین پیش کی اورکہاکہ عزیز حاصل کی جانب سے سوشل میڈیا مہم کے باعث کیچ سول سوسائٹی کے نمائندوں نے یہ ایشو ڈپٹی کمشنر کیچ میجر(ر) بشیر احمدبڑیچ کے سامنے رکھا جس پر انہوں نے ہرممکن حدتک سپورٹ کایقین دلایا اور آج لائبریری مکمل تزئین وآرائش، کتابوں، فرنیچرز ودیگر تمام تر لوازمات وضروریات سے لیس ہمارے سامنے موجودہے۔
اس موقع پر یونیورسٹی آف تربت کے رجسٹرار گنگزار بلوچ نے بھی خطاب کیا جبکہ اسٹیج سیکرٹری کے فرائض کیچ سول سوسائٹی کے نمائندے عومر ہوت نے سرانجام دئیے، ۔
افتتاحی تقریب میں سیاسی وسماجی شخصیات پاکستان پیپلزپارٹی کے ضلعی صدر حاجی قدیر احمدبلوچ، پی این پی عوامی کے رہنما برکت ،ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر (ریونیو) کیچ عقیل کریم،ایڈیشنل کمشنر جنرل کیچ خلیل مراد، اسسٹنٹ کمشنرتربت بہرام سلیم، ایس پی کیچ محمدبلوچ، اسسٹنٹ کمشنر پولیٹیکل مکران محمدجان دشتی، اے سی دشت جہانزیب شاہوانی، پی ڈی ایم اے کے ملک ریحان دشتی،پرنسپل ڈگری کالج تربت پروفیسر اکبر علی بلوچ سمیت دیگر سرکاری افسران، سیاسی وسماجی رہنماؤں نے شرکت کی۔
قبل ازیں کمشنر مکران اور ڈی سی کیچ نے لائبریری کے احاطے پودے لگائے۔