عطا شاد ڈگری کالج تربت پچھلے کئی سال سے طلبا کو تعلیم و تربیت کی بہترین سہولیات فراہم کررہا ہے۔ تعلیم کے ساتھ ساتھ کھیلوں کی سہولیات بھی مہیا کر رہا ہے تاکہ طلبا میں اخلاقیات ، برداشت ،ڈسپلن اور ہار جیت کا جذبہ پیدا ہو سکے۔انتظامیہ اور اسٹاف کی لگن اور محنت سے آج بلوچستان میں یہ کالج ایک نمایاں مقام حاصل کر چکا ہے۔
عطا شاد ڈگری کالج تربت میں کھیلوں کے ہفتہ کے اختتام پرجلسہ تقسیم انعامات کی تقریب کا اہتمام کیا گیا ، پروفیسر زاہد علی صاحب نے نظامت کے فرائض سر انجام دیتے ہوئے ا سپورٹ ویک کی تفصیل سے آگاہ کیا۔
پرنسپل عطا شاد ڈگری کالج تربت ڈاکٹر واحد بخش صاحب نے کہا کہ غیر نصابی سرگرمیاں نوجوان نسل میں چھپی صلاحیتوں کو اجاگر کرتی ہیں جس سے ان میں مقابلے کی نئی روح پروان چڑھتی اور انہیں اپنی صلاحیتوں کے اظہار کے مواقع میسر آتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ نوجوان نسل کو بہتری کی طرف لانے کے لئے سپورٹس ایک مثالی کردار ادا کرتی ہے اور کھیلوں کے میدان آباد ہونا خوش آئند بات ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ وہ کالج میں کھیلوں کے فروغ کے لئے ہر ممکن اقدامات اٹھا رہے ہیں تاکہ طلبا کو کھیلوں کے مقابلے میں حصہ لینے کے لیے بہتر مواقع فراہم کیے جا سکیں۔صحت مند دماغ کے لئے کھیل انتہائی اہم ہیں ۔ درس گاہوں میں کھیلوں کی سرگرمیوں کا مقصد طلباءمیں اجتماعیت ، قیادت اور نظم و ضبط کو اجاگر کرنا اور انہیں بہترین مواقع فراہم کرنا ہے ۔ کھیلوں کے انعقاد سے طلباءمیں مخفی صلاحیتوں کو جلا ملتی ہے جس سے انکی نصابی سرگرمیاں بھی ابھر کر سامنے آتی ہیں ۔ اسپورٹس کے مواقع طلباءمیں ٹیم اسپرٹ کے رجحانات کو ابھارنے کےلئے انتہائی اہم ہیں جن سے طلباءمیں قیادت ، اجتماعیت اور برداشت و نظم و ضبط کے جذبات ابھرتے ہیں۔
پرنسپل صاحب نے مزید کہا کہ کھیل میں ہار اور جیت لازم و ملزوم ہے ۔ مقابلے میں ایک فریق کی جیت اور ایک کی ہار ہوتی ہے ۔ اس کا مقصد سیکھنا اور کچھ حاصل کرنا ہونا چاہئے تاکہ امید و نا امیدی کی کیفیت میں حالات کا بہتر انداز میں مقابلہ کرنے کی اہلیت پیدا کی جاسکے ۔ ہفتہ کھیل کے بہترین انتظامات پر پرنسپل صاحب نے اساتذہ کرام اور رضاکار طلبا کی کاوشوں کو سراہا۔
انڈور اور آوٹ ڈور گیمز، سائنس ایگزیبیشن، آرٹ ایگزیبیشن اور دیگر مقابلوں میں پوزیشن حاصل کرنے والے طلبا میں شیلڈز اور نقد انعامات تقسیم کیے گئے۔
اس کے بعد کالج ڈرائیور ظریف احمد، طالب علم معراج احمد اور ان کی ٹیم نے شائقین کی تفریح کے لئے ایک مزاحیہ خاکہ بھی پیش کیا جسے شائقین نے خوب سراہا۔
تقریب میں عطا شاد ڈگری کالج تربت کے اساتذہ کرام، لوئر اسٹاف، انٹر اور بی۔ایس کے طلبا نے بھرپور شرکت کی۔