بلوچ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن کے مرکزی ترجمان نے بلوچ قوم پرست سیاست دان و عظیم راجی راہشون سردار عطاء اللہ خان مینگل کی پہلی برسی کے موقع پر انہیں زبردست خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا سردار عطااللہ مینگل کی سیاسی قربانیاں اور جدوجہد ہمارے لیے مشعل راہ ہیں۔
انہوں نے کہا کہ بلوچ قومی سیاست سردار عطاء اللہ مینگل کے بغیر ادھورا ہے۔ سردار عطاء اللہ خان مینگل نے قومی حقوق، ساحل و وسائل اور بلوچ ناموس کی خاطر طویل سیاسی جدوجہد کی۔ اس جدوجہد میں انہوں نے اپنے سیاسی نظریے کی عوز جوانسال فرزند شہید اسد جان مینگل کی شہادت و قید و بند برداشت کئے لیکن ہر دور کے آمر و سیاسی لبادے میں اوڑھے بلوچ دشمنوں کے سامنے ہمیشہ ڈٹے رہے۔ قومی حقوق اور مظلوموں کی خاطر آواز اٹھانے پر انہوں نے جلاوطنی اور قیدو بند کی صعوبتیں بھی برداشت کیں لیکن کبھی بھی اپنے اصولی موقف اور بلوچ قوم پرستی کی سیاست سے دستبردار نہیں ہوئے۔
ترجمان نے اپنے بیان میں مذید کہا ہے کہ سردار عطاء اللہ جیسے عظیم انقلابی راہشون کے سیاسی نظریے کی بنیاد پر قومی تحفظ و حقوق کی حصول ممکن ہے۔ سردار عطاء اللہ خان مینگل نے اپنے ہم عصر سیاسی رہنماؤں نواب خیر بخش مری، میر غوث بخش بزنجو، میر گُل خان نصیر، نواب اکبر خان بگٹی و دیگر کے ہمراہ حقیقی معنوں میں قومی حقوق کی جدوجہد کی اور حقیقی قومی سیاست کے مثال قائم کئے۔ بلوچستان میں پہلی یونیورسٹی اور میڈیکل کالج کا قیام بھی ان ہی کے دور حکومت میں ہوا جبکہ مختصر دور حکومت میں سردار عطااللہ مینگل کی حکومت نے بے شمار تعلیمی خدمات سرانجام دیئے۔
ترجمان نے اپنے بیان میں کہا کہ ریاست اپنی مظالم و بلوچ قومی استحصال کو چھپانے کے لیے ہمیشہ بلوچ سرداروں کو زمہ دار ٹہراتی رہی ہے لیکن حقیقت بلکل اس کے برعکس ہے۔ انہوں نے کہا جب بھی کسی سردار یا مڈل کلاس سے تعلق رکھنے والوں نے ریاستی جارحیت کے خلاف آواز بلند کی ہے تو سبھی ریاستی شر کے امتحان سے گزرے ہیں۔ نواب بگٹی، نواب مری و سردار مینگل کے خاندانوں پر مظالم اس کی واضح مثالیں ہیں۔ ریاست نے بلوچ قومی حقوق کے جہد کاروں کو بلا تفریق جبر کا نشانہ بنایا ہے تو اس کے لیئے ضروری ہے کہ ہر بلوچ بھی اس ردعمل میں قومی حقوق کی جہد میں اپنا کردار ادا کرکے پر امن قومی جُہد کو توانا کرے۔
بیان کے آخر میں انہوں نے کہا ہے کہ بزرگ بلوچ قوم پرست رہنماء سردار عطااللہ مینگل کی پہلی برسی پر تنظیم کے تمام زونوں میں تعزیتی ریفرنسز کا انعقاد کیا جائے گا۔
Discover more from Balochistan Affairs
Subscribe to get the latest posts to your email.