کوئٹہ:
سرداربہادر خان وومن یونیورسٹی میں طالبات کا فارمیسی کے شعبے کیلئے این اوسی اورسہولیات نہ ملنے کے خلاف 250سے زائد طالبات کااحتجاج ،انتظامیہ نے گیٹس بند کرکے طالبات کو اندر محصور کردیا ،مظاہرین کامطالبہ ہے کہ یونیورسٹی کو این او سی حاصل نہیں اگر ہم ڈگری مکمل کرتے ہیں توہمیں لائسنس نہیں ملے گا طلباءکا5سال ضائع ہوجائیں گے
مظاہرین نے مطالبات کے حل کیلئے ایک ماہ کی مہلت دیدی۔تفصیلات کے مطابق سردار بہادر خان وومن یونیورسٹی کے شعبہ فارمیسی سے تعلق رکھنے والی 250سے زائد طالبات کی جانب سے سہولیات کے فقدان اور این او سی نہ ہونے کی وجہ سے احتجاجی مظاہرہ کیاگیا مظاہرین کاکہناتھاکہ فارمیسی کے شعبے کا 8واں سمسٹر چل رہاہے یونیورسٹی کے فارمیسی شعبے کیلئے اب تک فارمیسی کونسل کی جانب سے این او سی جاری نہیں ہوئی ہے جس سے طالبات کے مستقبل کو خطرات لاحق ہیں
یونیورسٹی انتظامیہ کی نااہلی کی وجہ سے 250سے زائد طالبات کا مستقبل داﺅ پر لگا ہے یونیورسٹی انتظامیہ بھاری بھرکم فیسیں لیکر نہ تو سہولیات فراہم کرسکی اور نہ ہی ہائیرایجوکیشن اتھارٹی سے شعبے کیلئے این او سی لے سکی
ذرائع کے مطابق کونسل کے ممبران گزشتہ روز یونیورسٹی کادورہ کرناچاہ رہے تھے تاہم انتظامیہ کی جانب سے انہیں بتایاگیاکہ ہفتے کو یونیورسٹی بند ہوتی ہے ،این او سی نہ ملنے کی وجہ سے طالبات نے احتجاج شروع کردیاگیا جس پر انتظامیہ کی جانب سے پولیس طلب کی گئی انتظامیہ نے گیٹس بند کرکے طالبات کو اندر محصور کردیا میڈیا کوریج پر بھی پابندی عائد کردی گئی ۔
ذرائع کے مطابق گورنر بلوچستان وچانسلر ایس بی کے یونیورسٹی ملک عبدالولی کاکڑ یونیورسٹی کادورہ کررہے تھے ،مطالبات کے حق میں طالبات کے احتجاج کے باعث گورنر بلوچستان کادورہ منسوخ کردیاگیامظاہرین کی جانب سے یونیورسٹی انتظامیہ کو ایک ماہ کی مہلت دی گئی ہے جس کے بعد سخت لائحہ عمل طے کیاجائے گا۔
بلوچستان بار کونسل کے جاری ایک بیان میں سردار بہادر خان وومن یونیورسٹی میں انتظامیہ کی جانب سے لاٹھی چارج اور متعدد طالبات کو زخمی کرنے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہاہے کہ سردار بہادر خان یونیورسٹی کے وائس چانسلر یونیورسٹی کے مسائل حل کرنے میں مکمل طور پر ناکام ہوچکا ہے
یونیورسٹی میں درس و تدریس نہ ہونے کے برابر ہیں ہاسٹل میں سہولیات نہ ہونے کے برابر ہیں جس کی وجہ سے طالبات سراپا احتجاج ہیں یونیورسٹی انتظامیہ کی جانب سے طالبات کے مسائل کو حل کرنے کے بجائے طاقت کا استعمال کیاگیا طالبات پر لاٹھی چارج کیا جو کہ یونیورسٹی انتظامیہ کے ناکامی کا منہ بولتا ثبوت ہے
بیان میں کہاگیاہے کہ چانسلر بلوچستان کو اس کا فوری نوٹس لینا چاہیے طالبات پر لاٹھی چارج کرنے والے اہلکاروں کو فوری معطل کیا جانا چاہیے
بیان میں مطالبہ کیاگیاہے کہ سردار بہادر خان یونیورسٹی کی طالبات کے تمام جائز مطالبات کو تسلیم کیا جائے بیان میں کہا کہ بلوچستان بار کونسل طالبات کے تمام مطالبات کی حمایت کا اعلان کرتا ہے۔