سب رجسٹرار آفس کوئٹہ کا عملہ بینک چالان کی مد میں شہریوں سے اضافی رقم بٹورنے لگاسب رجسٹرار آفس کوئٹہ کے عملے کی جانب بینک چالان کی مد میں خوردبرد کا انکشاف ، عملہ شہریوں سے ٹیکس کی مد میں اضافی رقم بٹورنے لگا۔متاثرین کی شکایات پر جوائنٹ سب رجسٹرار نے ڈپٹی کمشنر کو عملے کے خلاف تحقیقات کرنے کے لئے مراسلہ ارسال کردیا ۔
ڈیلی انتخاب کے مطابق سب رجسٹرار آفس کوئٹہ میں دفتری عملے نے شہریوں سے ٹیکس کی اضافی رقم وصول کرنا شروع کر دی ہے۔
ایک متاثرہ شہری نے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر بتایا کہ عملے نے بینک چالان پر ردوبدل کرتے ہوئے جعل سازی سے ان سے 50 ہزار روپے سے زائد اضافی رقم وصول کی ہے جبکہ ان کے علاوہ اور بھی بہت سے لوگوں سے چالان میں ردوبدل کرکے اب تک بھاری رقم وصول کی جا چکی ہے۔
متاثرین کی شکایات پر جوائنٹ سب رجسٹرار کوئٹہ نے ڈپٹی کمشنر کو 21جون کو مراسلہ نمبر163/JSRارسال کیا ہے جس میں بتایا گیا ہے کہ سب رجسٹرار آفس میں سی وی ٹی ، رجسٹریشن ٹیکس، ٹرانسفر ٹیکس کے چالانوں کی مدمیں مالی بے ضابطگیاں ہوئی ہیں جن میں آفس کا ایک کلرک ملوث ہے جس کے خلاف بیڈا ایکٹ کے تحت کاروائی عمل میں لائی جائے ۔
مراسلے میں کہا گیا ہے کہ اس ضمن میں پہلے بھی ایک مراسلہ لکھا گیا ہے جس میں بھی اس حوالے سے ذکر کیا گیا ہے لہذا اس حوالے سے کاروائی عمل میں لائی جائے ۔
دوسری جانب متاثرین کا کہنا ہے کہ خورد برد میں ملوث عملے کے خلاف تاحال خاطر خواہ کاروائی نہیں ہو رہی یوں محسوس ہوتا ہے کہ جعل سازی میں ملوث عملہ انتہائی بااثر ہے جس کے خلاف کارروائی نہیں کی جارہی۔
متاثرہ شہریوں نے کور کمانڈر بلوچستان، نیب بلوچستان، اینٹی کرپشن سمیت تمام متعلقہ اداروں اور حکام سے اپیل کی ہے کہ انہیں انصاف فراہم کیا جائے اور جعل سازی میں ملوث عناصر کے خلاف کاروائی عمل میں لائی جائے۔
Discover more from Balochistan Affairs
Subscribe to get the latest posts to your email.