آل پارٹیز آواران کی جانب سے پچھلے دنوں گیشکور میں اسکول ٹیچر نجمہ بلوچ کی خودکشی اور چند دن پہلے آواران ہی میں پیراندر حسن گوٹھ کے رہائشی ماجد بلوچ کے قتل کے بعد مقامی انتظامیہ کی جانب سے نامزد ملزمان کی عدم گرفتاری کے خلاف آواران پریس کلب میں ہنگامی پریس کانفرس کیاجس میں بلوچستان نیشنل پارٹی کے مرکزی رہنما سردار اسلم جان میروانی نے کہا کہ آواران میں تمام سیاسی پارٹیوں نے اپنی زمہ داریوں کو محسوس کرتے ہوئے ایک ساتھ آواران کے ان سنگین مسائل پر مشترکہ موقف اپنایاہے۔
انہوں نے کہا گیشکور واقعہ انتہائی دلخراش واقعہ ہے جہاں بلوچی روایات کو پامال کیا گیا ،ہمارے معاشرے میں عورتوں کو جس طرح عزت دی جاتی ہے اس کی مثال دوسرے کسی بھی معاشرے میں ملنا ممکن نہیں ۔انہوں نے کہا کہ ضلعی انتظامیہ اور پولیس اب تک ملزمان کی گرفتاری میں مکمل طور پر ناکام ہوچکی ہے جس کی آل پارٹیز آواران مزمت کرتی ہے ۔
انہوں نے کہا کہ بلوچ بیٹی کے قاتلوں کی گرفتاری میں کوئی پیش رفت نہ ہونے سے جرائم کی شدت میں اضافہ ہوتا جارہا ہے جس کی واضح مثال پیراندر میں نوجوان ماجد بلوچ کا بیہیمانہ قتل ہے ۔
انہوں نے کہا کہ ایک نوجوان کو قتل کیا جاتا ہے اور اس کی مسخ شدہ لاش چار دن بعدچرواہوں کو مل جاتی ہے لیکن انتظامیہ کے کانوں پر جوں تک نہیں رینگتی ۔
انہوں نے کہا کہ ہم آل پارٹیز کی جانب سے ضلعی انتظامیہ کو ایک ہفتے کی مہلت دیتے ہیں کہ وہ متاثرہ خاندانوں کو انصاف فراہم کرے بصورت دیگر ہم وہ تمام قانونی اور عوامی طاقت کے استعمال پر مجبور ہونگے جو ہمیں قانونی اور آئینی طور پر حاصل ہیں۔
اس موقع پر نیشنل پارٹی آواران کے ضلعی صدر عابد حسین نے کہا کہ ہمارے معاشرے کو قانون اور انصاف کی عدم فراہمی نے امن سے دور کردیا ہے جس معاشرے میں ماؤں بہنوں کے گھر میں داخل ہوتے ہی خون معاف کئے جاتے تھے اب اسی معاشرے میں ماؤں بہنوں کو خود کشی پر مجبور کیا جارہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ضلعی انتظامیہ کی لاپروائی کا اندازہ اس بات سے لگایا جاسکتا ہے کہ ضلعی انتظامیہ ایدھی فاونڈیشن کی طرح لاشوں کو ورثا تک پہنچانے کی حد تک محدود ہے جبکہ ملزموں کو کیفرکردار تک پہنچانے کیلئے ضلعی انتظامیہ کاکوئی کردار باقی نہیں رہا ۔
انہوں نے کہا کہ آل پارٹیز کی ایک ساتھ بیٹھ کر آواران کے سنگین صورتحال میں ایک آواز ہونا قابل تحسین عمل ہے اور انشاللہ ہماری کوشش ہوگی کہ ہم اسی طرح آواران کے تمام مسائل پر ایک ساتھ کام کرسکیں جس سے معاشرے میں جنم لینے والی برائیوں کا خاتمہ کیا جاسکے ۔
Discover more from Balochistan Affairs
Subscribe to get the latest posts to your email.