تربت:
تربت یونیورسٹی کے طلباء غیراعلانیہ لوڑشیڈنگ کیخلاف سڑکوں پر نکل آئے، گھنٹوں تاریکی اور گرمی سے تنگ آکر ڈی بلوچ کے مقام پر شاہراہ بند کردیاجس سے گاڑیوں کی لمبی قطاریں لگ گئیں۔
احتجاجی طلبا نے کہاہےکہ یونیورسٹی ہاسٹل میں رات کے دو ڈھائی بجے بجلی چلی جاتی ہے اور گھنٹوں تک طلباء تاریکی و گرمی میں پڑے رہتے ہیں۔
گرمی کے سبب طلباء کی نیند پوری نہیں ہوتی اور صبح وہ کلاسز توجہ کے ساتھ نہیں لے پاتے، علاوہ ازیں انٹرنیٹ بند ہونے کی وجہ سے پڑھائی نہیں کر پاتے، اس صورتحال سے تنگ آکر طلباء احتجاج پر مجبور ہوئے ہیں۔
انکا کہنا تھا کہ اپنی شکایات رجسٹرار کو بارہا کرچکے ہیں، مگر کوئی بہتری نظر نہیں آئی ہے، اس لئے سڑک بند کرنا پڑا ہے۔بعدازاں طلباء سے انتظامیہ کے مذاکرات ہوئے، یقین دہانی کے بعد طلبا نے اپنا احتجاج ختم کردیا۔