:تربت
پاکستان نیشنل پارٹی عوامی کے سربراہ،صوبائی وزیر صحت سید احسان شاہ کی خصوصی ہدایت پر پی این پی عوامی کے مرکزی سینئیرنائب صدر، سابق صوبائی وزیرمیر غفور احمدبزنجو نے ٹیچنگ ہسپتال تربت کا دورہ کیا انہوں نے ایم ایس کے آفس میں ڈی ایچ او کیچ ڈاکٹرعبداللطیف دشتی اور ایم ایس ٹیچنگ ہسپتال تربت ڈاکٹرطارق سخی سے ہسپتال کے مسائل ومشکلات سے آگاہی حاصل کی، اس موقع پر ڈائریکٹر ہیلتھ سروسز مکران ڈویژن ڈاکٹرمیر یوسف خان(ڈاکٹرلال جان)، پی ایم اے کیچ کے صدر ڈاکٹرافضل خالق بلوچ، ڈاکٹرجاویدکریم، ڈاکٹرابابگر بلوچ، ڈاکٹرغلام مصطفی، ڈاکٹر امتیاز بلوچ سمیت دیگر موجودتھے۔
ٹیچنگ ہسپتال تربت کو درپیش ایک دیرینہ مسئلہ ادویات کی عدم فراہمی تھی، صوبائی وزیر صحت سیداحسان شاہ کی بروقت اقدام سے ادویات کے3ٹرک پیرکے روز ٹیچنگ ہسپتال تربت پہنچ گئے جنہیں ڈپٹی کمشنرکیچ حسین جان بلوچ کی موجودگی میں میر غفور احمدبزنجو، ڈی ایچ او کیچ اور ایم ایس نے وصول کیا، اس موقع پر فارماسسٹ عارف نورنے ادویات سے متعلق انہیں آگاہی دی، ایم ایس ٹیچنگ ہسپتال اور ڈی ایچ اوکیچ نے ٹیچنگ ہسپتال تربت اور ضلع بھر کے دیگر ہسپتالوں کے حوالے سے انہیں بریف کیا اوربتایاکہ ٹیچنگ ہسپتال تربت میں اب کافی بہتری آرہی ہے۔
ہسپتال کے کنٹریکٹ ملازمین کی تنخواہوں کی اجراء سے متعلق میر غفور بزنجو نے سیکرٹری فنانس بلوچستان حافظ عبدالباسط بلوچ سے رابطہ کیا، ہسپتال میں میڈیکل افیسرزکی کمی کے باعث شعبہ ایمرجنسی مشکلات کا شکارہے اس حوالے سے ڈی سی کیچ نے ڈی ایچ سی اجلاس بلاکر ایمرجنسی ڈیوٹی کامسئلہ حل کرانے کی یقین دہانی کرائی۔
سابق صوبائی وزیرمیر غفور احمدبزنجو نے کہاکہ بے روزگاری جس خطرناک حدتک پھیل چکی ہے اس کااندازہ مشکل ہے، بے روزگاری معاشرے میں بے چینی کاباعث ہے،اس لئے سید احسان شاہ نے اپنی پہلی ترجیح ملازمتوں کے مزیدمواقع پیداکرنے پرمرکوز کررکھی ہے ۔
انہوں نے کہاکہ ہمیں سرکاری ہسپتالوں کو سنبھالنا ہے کیونکہ یہاں پر علاج کیلئے وہ لوگ آتے ہیں جو انتہائی مجبورہوتے ہیں، ہسپتال کوجدید مشینری فراہم کیاجارہاہے، آرتھوپیڈک مشین نصب کی جاچکی ہے، سی ٹی اسکین، دل کے امراض کی مشینری، جدید ایکسرے پلانٹ جلد نصب کئے جائیں گے، ڈائیلسزیونٹ کیلئے مزید 2مشینیں جلد پہنچ جائیں گی جبکہ ڈائیلسز کی ادویات وغیرہ پہنچ چکی ہیں۔
[embedyt] https://www.youtube.com/watch?v=2PNR7v2TDHk[/embedyt]