پولیس ذرائع کے مطابق گزشتہ دن پنجگور کے علاقے عیسئی سندے سر میں نامعلوم موٹر سائیکل سواروں کی فائرنگ سے سعید حسن نامی شخص قتل ہوگیا۔ لیکن کوئی گرفتاری عمل میں نہیں آسکی۔ پولیس ذرائع کے مطابق واقعے کے حوالے سے پولیس تفتیش کررہی ہے۔
واضح رہے کہ گزشتہ کئی سالوں سے پنجگور میں امن و امان کی صورتحال ابتر ہوتی جا رہی ہے- آئے روز مقامی افراد کو ٹارگٹ کلنگ کا نشانہ بنایا جا رہا ہے- پنجگور میں جبری گمشدی کے کئی کیسز رپورٹ ہوئے ہیں تو دوسری جانب چوری اور ڈکیتی کی وارداتوں میں بھی مزاہمت کرنے پر لوگوں کو زخمی یا جان سے ہاتھ دھونا پڑ رہا ہے-
علاقہ مکینوں کا کہنا ہے کہ پنجگور مقتل گاہ بن چکا ہے جہاں مسلح گروہوں کا راج ہے اور قانون اور انصاف موجود نہیں ہے- امن و امان کی بگڑتی صورتحال کے خلاف پنجگور کے شہری بھرپور احتجاج کرتے رہے ہیں اور ان کا اختیار داروں سے مطالبہ رہا ہے کہ پنجگور میں مسلح گروہوں کی سرپرستی بند کرتے ہوئے انھیں غیر مسلح کیا جائے، جبراً گمشدہ افراد کو بازیاب کیا جائے، متاثرین کو انصاف فراہم کیا جائے اور مجرموں کو انکے کردہ جرائم کی سزا دی جائے- لیکن ابھی تک انکے ان مطالبات پر حکومت اور اختیار داروں کی جانب سے کوئی سنوائی نہیں ہوئی ہے-