بلوچستان میں جاری موسلا دھار بارشوں کے باعث مختلف حادثات میں گزشتہ دو روز کے دوران 5 شہریوں کی ہلاکت کے بعد بلوچستان بھر میں اب تک مون سون کے موسم میں مجموعی ہلاکتوں کی تعداد 10 ہوگئی ہے۔
پروونشل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی کے مطابق بلوچستان میں 19 جون سے شروع ہونیوالی مون سون کی بارشوں کے دوران مختلف حادثات میں 2 خواتین اور 2 بچوں سمیت اب تک 10 شہری ہلاک ہوچکے ہیں۔
بلوچستان کے مختلف علاقوں میں بارشوں اور سیلابی ریلوں کے باعث 3 سو 35 مکانات کو نقصان پہنچا ہے۔ 1سو 12 مکانات مکمل جب کہ 2 سو 23 کو جزوی نقصان پہنچا ہے۔
سیلابی صورتحال
بلوچستان میں جاری مون سون کی بارشوں کے باعث سیلابی صورتحال پیدا ہوگئی ہے۔ کوئٹہ سمیت بلوچستان کے مختلف علاقوں میں مون سون کی بارشوں کا سلسلہ تھم نہ سکا۔ کئی علاقوں میں سیلابی ریلے بجلی کے کھمبے بہا لے گئے ہیں۔ جس کے باعث ان علاقوں میں بجلی کی فراہمی معطل ہوچکی ہے۔
گزشتہ روز ہونے والی بارش کے باعث نشیبی علاقے زیر آب آچکے ہیں۔ بلوچستان کے مختلف علاقوں میں ندی نالوں میں طغیانی کے باعث کئی دیہات زیر آب آگئے ہیں۔ موسلادھار بارش کے باعث مقامی اور برساتی ندی نالوں میں طغیانی کا خطرہ ہے
شاہراہ ایک مرتبہ پھر سیلابی ریلے کی نذر
پنجرہ پل کے مقام پرعارضی راستہ ایک بار پھر سیلابی پانی کی نذر ہونے کے بعد بلوچستان کو سندھ پنجاب سے ملانے والی قومی شاہراہ ایک بار پھربند ہوگئی ہے۔
عارضی راستہ پانچ روز بند ہونے کے بعد کل چند گھنٹے کھل گیا تھا جسے سیلابی ریلا دوبارہ نگل گیا ہے۔ قومی شاہراہ کی اس نوعیت کی بندش سے مسافر عوام شدید مشکلات سے دوچار ہیں۔
بولان کی ضلعی انتظامیہ کے مطابق بولان میں شدید بارشوں کی وجہ سے پنجرہ پل پر سیلابی ریلا گزر رہا ہے لہذا مسافراور ٹرانسپورٹرز اس دوران سفر سے گریز کریں۔
کوئٹہ کراچی شاہراہ بھی بند
حب پل کا راستہ نہ بننے کی وجہ سے کوئٹہ کراچی قومی شاہراہ بھی بند ہوچکی ہے۔
میرانی ڈیم کی صورتحال
بلوچستان کے علاقے ضلع کیچ میں میرانی ڈیم میں پانی کی سطح خطرناک حد تک بلند ہونے پراسپل وے کھول کر پانی کا اخراج کیا جارہا ہے۔ صوبائی محکمہ آبپاشی کے مطابق میرانی ڈیم میں پانی کی سطح248.90 فٹ تک بلند ہوگئی تھی جب کہ ڈیم کے اسپل وے کی سطح 244 فٹ ہے۔
دوسری جانب کوئٹہ، کوہلو، ژوب، شیرانی، موسی خیل، قلعہ سیف اللہ، اور قلات میں مزید بارش کا امکان ہے۔ خضدار،آواران،سبی،ہرنائی ، بولان، با رکھان، لورا لائی ،نصیر آباد اورڈیرہ بگٹی میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کی پیش گوئی کی گئی ہے۔
Discover more from Balochistan Affairs
Subscribe to get the latest posts to your email.