بلوچستان کے مختلف علاقوں کوئٹہ اور تربت میں دو مختلف واقعات میں نامعلوم افراد کی فائرنگ سے فرنٹیئر کور (ایف سی) کے کم از کم تین اہلکار ہلاک اور پانچ زخمی ہو گئے ہیں۔
پاکستانی فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق فائرنگ کا پہلا واقعہ کوئٹہ سے تقریباً 70 کلو میٹر دور ہرنائی اور کوئٹہ کے سرحدی مقام مارگٹ میں سرکی کچھ میں پیش آیا۔ حملہ آوروں نے سیکیورٹی پر مامور ایف سی 89 ونگ کی خالد چیک پوسٹ کو نشانہ بنایا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق فائرنگ کے تبادلے میں تین ایف سی اہلکار ہلاک اور ایک زخمی ہوا ہے۔
ہلاک اہلکاروں کی شناخت لانس نائیک حسین شاہ، سپاہی نعمان اور سپاہی فیصل کے نام سے ہوئی جب کہ زخمی اہلکار کا نام پرویز بتایا گیا ہے۔
فائرنگ کا دوسرا واقعہ تربت میں پیش آیا جس میں ایف سی کے چار اہلکار زخمی ہوئے ہیں۔
حکام کے مطابق یہ واقعہ تربت کے علاقے شیربندی میں اس وقت پیش آیا جب ایف سی اہلکار پاک-ایران سرحد پر معمول کے گشت پر تھے۔
یاد رہے کہ پانچ مئی کو بھی بلوچستان کے ضلع ژوب میں پاک-افغان سرحد پر سرحدپار فائرنگ سے ایف سی کے چار اہلکار ہلاک جب کہ چھ زخمی ہوگئے تھے۔ یہ اہلکار پاک افغان سرحد پر باڑ لگانے کے کام میں مصروف تھے۔
Courtesy: VOA URDU
Discover more from Balochistan Affairs
Subscribe to get the latest posts to your email.