چیف سیکرٹری بلوچستان شکیل قادر خان نے کہا ہے کہ صوبے سے پولیو کا خاتمہ حکومت کی اولین ترجیح ہے تاہم کوششوں کو مزید تیز کرنے کی ضرورت ہے تاکہ کوئی بچہ پولیو وائرس کا شکار نہ ہو۔
ایمرجنسی آپریشن سینٹر کے صوبائی کوآرڈینیٹر نے اجلاس کو صوبے میں پولیو کے خاتمہ کے لئے کی جانے والی کوششوں کے حوالے سے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ بلوچستان بھر کے تمام اضلاع میں سات روزہ انسداد پولیو مہم بروز پیر 2 اکتوبر سے شروع ہوگی اور مہم کے دوران25 لاکھ99 ہزار سے زائد بچوں کو قطرے پلانے کا ہد ف مقرر کیا گیا ہے۔
پولیو مہم میں 11 ہزار سے زائد ٹیمیں حصہ لینگی۔ مہم کے دوران بچوں کووٹامن اے کے قطرے بھی پلائے جائیں گے۔
چیف سیکرٹری نے کہا کہ صوبے سے اس موذی مرض کے خاتمے کیلیے علماء کرام سول سوسائٹی میڈیا اور معاشرے کے ہر شخص کو اپنا بھر پور کردار ادا کرنا ہوگا بچوں کے محفوظ مستقبل کی ذمہ داری ہم سب پر عائد ہوتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ صوبے سے پولیو کے خاتمے کے لیے صوبائی حکومت تمام دستیاب وسائل بروئے کار لا رہی ہے۔
اور مسلسل اجتماعی کوششوں اور والدین کے تعاون سے پاکستان اس سال وائرس کے پھیلاؤ کو ختم کرسکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بلوچستان سے پولیو وائرس کے مکمل خاتمے کے لیے انتظامیہ اور متعلقہ ادارے مزید فعال کردار ادا کریں اور اپنی حکمتِ عملی کو مزید بہتر بنائیں تاکہ دور دراز علاقوں کے تمام بچوں کی ویکسینیشن یقینی ہو سکے انہوں نے کہا کہ صوبے سے پولیو وائرس کے مکمل خاتمے کو اپنی حکومت کی اولین ترجیح قرار دیتے ہوئے کہا ۔
کہ صوبائی حکومت دیگر شراکت دار اداروں کے تعاون سے اس سلسلے میں ایک مربوط حکمت عملی کے تحت سنجیدہ اقدامات اٹھا رہی ہے۔ صوبے اور ملک سے پولیو وائرس کے خاتمے کو ایک قومی فریضہ قرار دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اپنی ا?نے والی نسلوں کو اس مہلک بیماری سے بچانا اور انہیں ایک محفوظ مستقبل دینا حکومت سمیت سب کی اجتماعی ذمہ داری ہے۔
انہوں نے کہا کہ بلوچستان میں بھر پور انداز میں پولیو مہم کو کامیاب بنایا جائے گا اور بار بار پولیو قطرے پلوانے سے دنیا کے تمام ممالک پولیو سے پاک ہو چکے ہیں۔ پانچ سال سے کم عمر بچوں کو پولیو قطرے پلوا کر اس موذی وائرس کو پھیلنے سے بچایا جاسکتا ہے۔ اجلاس میں سپیشل سیکرٹری صحت داؤد بازئی، کمشنر کوئٹہ حمزہ شفقات، ایڈیشنل آئی جی پولیس، ڈی آئی جی کوئٹہ، یونیسیف، ڈبلیو ایچ او کے نمائندے جبکہ ڈویڑنل کمشنرز اور ڈپٹی کمشنرز نے بذریعہ وڈیو لنک شرکت کی۔