پنجگور:
بلوچستان ایمپلائز اینڈ گرینڈ ورکرز الائنس کی جانب سے پنجگور پریس کلب کے سامنے احتجاجی مظاہرہ کیا گیا اس دوران ملازمین نے بینرز اور پلے کارڈز اٹھا رکھے تھے جن پر مطالبات کے حق میں نعرے درج تھے. مظاہرین سے گورنمنٹ ٹیچرز ایسوسی ایشن کے صدر حاجی فدا احمد بلوچ آپیکا کے صدر عظیم جان گچکی، پروفیسر اینڈ لکچرار ایسوسی ایشن مکران کے جنرل سیکرٹری، پروفیسر مجیب الرحمٰن نوشیروانی پیرا میڈیکل اسٹاف ایسوسی ایشن کے صدر عارف جی ٹی اے کے جنرل سیکرٹری محمد صدیق بلوچ، آ رگنائزر ڈپلومہ انجینئر عبدالرووف گچکی اور دیگر نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ موجودہ حکومت ملازم دشمن حکومت ہے. مہنگائی میں دوسو فیصد اضافہ ہوا ہے مگر ملازمین کی تنخواہوں میں ایک فیصد بھی اضافہ نہیں کیا گیا ہے.
انہوں نے کہا کہ ملازمین نے اب فیصلہ کیا ہے کہ نوٹیفکیشن کے جاری ہونے تک ملازمین متحد اور متفق ہوکر حقوق کے لیے جہدوجہد کریں گے. اس مہنگائی کے دور میں ملازمین کسمپرسی کی زندگی گزارنے پر مجبور ہیں. بلوچستان کے سرکاری ملازمین اپنے جائز حقوق کے لیے آخری سانس تک جہدوجہد کرتے رہینگے. انہوں نے کہا کہ بلوچستان میں ملازمین کو ان کے جائز حقوق سے محروم رکھا جارہا ہے اور کسی ملازم کو احتجاج یا ہڑتال کا شوق نہیں ہے مگر حکومت بلوچستان سرکاری ملازمین کو احتجاج پر مجبور کر رہی ہے. ان کا مزید کہنا تھا کہ سرکاری ملازمین الیکشن، مردم شماری سمیت دیگر کام سر انجام دیتے ہیں مگر اس کے باوجود ملازمین کو ان کے جائز حقوق سے محروم رکھا جارہا ہے.