:کوئٹہ
بلوچستان اور خیبرپختونخوا بار کونسلز نے ملک میں آئین کے مطابق عام انتخابات کا مطالبہ کردیا، ساتھ ہی انتخابات میں تاخیر پر ملک گیر احتجاج کی دھمکی دیدی۔
بلوچستان بار کونسل نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ بلوچستان بار کونسل ملک بھر میں نگراں سیٹ اپ کے قیام کا خیر مقدم اور ساتھ ہی الیکشن کمیشن آف پاکستان سے ملک میں عام انتخابات کی تاریخ کا اعلان کرنے کا مطالبہ کرتی ہے۔
الیکشن کمیشن کی جانب سے انتخابی شیڈول جاری نہ کرنا خلاف قانون ہے، کسی بھی آئین شکن اقدام پر وکلا ملک گیر تحریک شروع کریں گے، عام انتخابات میں تاخیر ناقابل قبول ہے۔
دریں اثناخیبرپختونخوا بار کونسل نے بھی عام انتخابات میں تاخیر پر تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ حلقہ بندیوں کی ازسر نو ترتیب کا شیڈول انتخابات میں تاخیر کا حربہ ہے۔
بار کونسل کا کہنا ہے کہ تاخیری حربوں کے خلاف وکلا احتجاج تحریک سے دریغ نہیں کریں گے، آئین 90 دن میں الیکشن کرانے کا پابند کرتا ہے، الیکشن کمیشن کی آئینی ذمہ داری ہے کہ مقررہ مدت میں شفاف انتخابات کرائے۔
واضح رہے کہ الیکشن کمیشن آف پاکستان نے عام انتخابات کے بجائے ملک بھر میں ساتویں مردم شماری کے مطابق نئی حلقہ بندیوں کا شیڈول جاری کیا ہے۔
Discover more from Balochistan Affairs
Subscribe to get the latest posts to your email.