تربت شہر میں چوری کی وارداتوں میں مسلسل اضافہ دیکھنے کو آیا ہے- تفصیلات کے مطابق زوربازارتربت میں گزشتہ شب گھر کے اندر سے عبدالرؤف نامی شخص کی سوزوکی بولان گاڑی چوری کرلی گئی، اس سے قبل تربت پریس کلب کے اندر موٹرسائیکل اور پائپ چوری کی واردات، جبکہ پریس کلب کے سامنے کیبن کو توڑنے کی کوشش کی گئی اور فاسٹ فوڈ کی دوکان کے اشیاء بھی چور اپنے ساتھ لے گئے-
تاہم تربت پولیس کی جانب سے خوشنما وعدوں اور بلند وبانگ دعوؤں کے باوجود تاحال کوئی چور گرفتار نہیں ہوسکا، کیچ کے عوامی وسماجی حلقوں نے تربت شہر ومضافات میں چوری کی وارداتوں میں اضافہ کے ساتھ ساتھ منشیات جیسی لعنت کے سرعام فروخت پرشدید تشویش کا اظہارکرتے ہوئے کہا ہے کہ پولیس کی جانب سے چوری ومنشیات کے تدارک میں عدم دلچسپی لمحہ فکریہ ہے-