بلوچستان نیشنل پارٹی کیچ کے زیراہتمام زیارت میں لاپتہ افراد کے قتل کے خلاف تربت پریس کلب کے سامنے احتجاجی مظاہرہ کیا گیا، مظاہرین نے ہاتھوں میں پلے کارڈز اٹھا رکھے تھے جن پر مختلف نعرے درج تھے، بی این پی کے ضلعی دفتر سے نعرہ بازی کرتے ہوئے ریلی کے شرکاءنے پریس کلب تک مارچ کیا، ریلی کی قیادت بی این پی کیچ کے سنیئرنائب صدر شے نزیراحمد، ضلعی جنرل سیکرٹری نصیر احمدگچکی، نصیر احمدبگی، تاج بشیر رند، شے ریاض احمد، محسن بلوچ، منظور رئیس، ملاعبدالحمید، حمل امین ودیگر کررہے تھے، بی این پی کیچ کے سنیئرنائب صدر شے نزیر احمد نے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ 74سال سے بلوچ قوم پر ظلم وستم کسی نہ کسی طرح جاری ہے، مگر اب ریاست نے مکمل طورپر بربریت کا راستہ اپنایا ہے،زیارت میں پیش آنے والا واقعہ انتہائی افسوسناک ہے لاپتہ بلوچوں کے ماورا ئے عدالت قتل کی جتنی مذمت کی جائے کم ہے۔ انہوں نے کہاکہ بی این پی ریاستی مظالم کے خلاف کسی صورت خاموش نہیں رہے گی، بی این پی ضلع کیچ کے جنرل سیکرٹری نصیر احمدگچکی نے کہاکہ زیارت میں نام نہاد مقابلہ کے نام پر پہلے سے زیر حراست لاپتہ افراد کو ماورائے آئین، قانون وعدالت قتل کردیاگیاہے یہ سب ایکسٹرا جوڈیشل کلنگ ہیں جس کی ہم پرزورمذمت کرتے ہیں ریاست اپنا رویہ بہتر بنائے سیاسی ماحول پیداکرے بلوچ نسل کشی بند کرے، بی این پی کایہ جمہوری مطالبہ ہے کہ قاضی فائز عیسیٰ کی سربراہی میں ایک جوڈیشل کمیشن بنایاجائے جو زیارت جعلی مقابلہ کی جوڈیشل انکوائری کرے، ساحل وسائل پر قبضہ گیری کے خلاف بی این پی کی جدوجہد جاری ہے ہم حکمرانوں کویہ پیغام دیتے ہیں کہ بلوچستان کامسئلہ ایک سیاسی مسئلہ ہے اسے سیاسی اندازمیں ہی حل کیاجاسکتاہے، طاقت کے استعمال سے یہ مسئلہ کبھی بھی حل نہیں ہوسکتا،اگر اسلام آباد اورپنڈی اپنی مائنڈ سیٹ تبدیل کریں تو بی این پی بلوچستان مسئلہ کے حل کیلئے پل کا کردار اداکرنے کیلئے تیارہے،مائنڈ سیٹ کی تبدیلی اوربلوچ سے دوستی کے بغیر حالات روزبروز گھمبیر ہوتے چلے جائیں گے، انہوں نے مطالبہ کیاکہ سوکالڈ سورسز کو لگام دیاجائے جو علاقہ میں چوریوں، ڈکیتیوں اور عوام کولوٹنے میں ملوث ہیں، بی ایس او کے مرکزی رہنما کریم شمبے نے کہاکہ لاپتہ افرادکومارکر مقابلہ ظاہرکرنا انتہائی قابل مذمت ہے زیارت واقعہ انسانی حقوق کی کھلی خلاف ورزی ہے انہوں نے کہاکہ بلوچ پر مظالم بڑھتے جارہے ہیں جعلی مقابلوں کے نام پر بلوچوں کی نسل کشی بندکی جائے انہوں نے کہاکہ ریاست اپنی پالیسیوں میں تبدیلی لانے اور پیارومحبت کے اظہارکے بجائے ظلم وستم کی شدت میں اضافہ کرتی چلی جارہی ہے، مظاہرے میں اسٹیج سیکرٹری کے فرائض بی این پی کیچ کے انفارمیشن سیکرٹری شے ریاض احمدنے سرانجام دئیے۔
Discover more from Balochistan Affairs
Subscribe to get the latest posts to your email.