امریکی صدر جو بائیڈن اتوار نو جولائی کے روز اپنے ایک مختصر دورے پر برطانیہ پہنچ گئے۔ نیٹو سربراہی کانفرنس میں شرکت کے لیے جاتے ہوئے صدر بائیڈن نے برطانیہ میں بادشاہ چارلس سے ملاقات کی اور وزیر اعظم رشی سوناک سے پیر کے روزملے گیں ۔
واشنگٹن میں وائٹ ہاؤس نے امریکی صدر کے اس دورے کے بارے میں کہا کہ جو بائیڈن کے نیٹو سمٹ سے پہلے برطانیہ کے اس دورے کا مقصد ”دونوں ممالک کے مابین بہت قریبی دوستانہ تعلقات کو مزید مضبوط‘‘ بنانا ہے۔
صدر بائیڈن کل پیر دس جولائی کو برطانوی وزیر اعظم رشی سوناک سے ملنے لندن میں ڈاؤننگ سٹریٹ پر واقع ان کی سرکاری رہائش گاہ جائیں گے۔ یہ ملاقات ان دونوں رہنماؤں کی گزشتہ پانچ ماہ کے دوران ہونے والی پانچویں ملاقات ہو گی۔
جو بائیڈن اور رشی سوناک کی گزشتہ ملاقات صرف ایک ماہ پہلے ہی ہوئی تھی، جس میں انہوں نے واشنگٹن میں ایک ایسے ‘اٹلانٹک ڈیکلیریشن‘ پر اتفاق کیا تھا، جس کا مقصد دونوں اتحادی ممالک کے مابین ٹیکنالوجی، ماحول دوست توانائی اور انتہائی اہم معدنیات کے شعبے میں خصوصی اشتراک عمل کی ترویج ہے۔
برطانوی وزیر اعظم کے ایک ترجمان نے بنتایا کہ بائیڈن اور سوناک کی ملاقات میں امکان ہے کہ روسی یوکرینی جنگ اور مغربی دفاعی اتحاد نیٹو کی سمٹ ہی مرکزی موضوعات ہوں گے۔ ہفتہ آٹھ جولائی کے روز روسی یوکرینی جنگ کو شروع ہوئے ٹھیک 500 دن ہو گئے تھے۔
رشی سوناک کے دفتر کی طرف سے جاری کردہ ایک بیان میں کہا گیا ہے، ”اب جب کہ ہمیں اپنی سلامتی اور اقتصادی تحفظ کے حوالے سے نئے اور تاحال بےنظیر چینلجز کا سامنا ہے، ہمارے باہمی اتحاد پہلے سے کہیں زیادہ اہم ہو گئے ہیں۔‘‘
برطانیہ میں قیام کے دوران امریکی صدر کی سفارتی حوالے سے زیادہ اہم ملاقات برطانوی بادشاہ چارلس سے ہوئی۔ یہ ملاقات لندن سے مغرب کی طرف واقع ونڈسر کاسل میں ہو ہوئی۔ اسی شاہی رہائش گاہ پر بادشاہ چارلس کی والدہ اور آنجہانی ملکہ الزبتھ ثانی نے 2016ء میں صدر باراک اوباما اور 2018ء میں صدر ڈونلڈ ٹرمپ سے ملاقاتیں کی تھیں۔
امریکی صدر اور برطانوی بادشاہ کی اس ملاقات میں تحفظ ماحول سے متعلق موضوعات کو خصوصی اہمیت حاصل رہا ۔ اس وقت 74 سالہ کنگ چارلس کے لیے ماحولیاتی اور موسمیاتی تبدیلیاں انتہائی اہم موضوع ہیں، جن کے تدارک کے لیے وہ بھی گزشتہ تقریباﹰ پانچ عشروں سے اپنی کوششیں جاری رکھے ہوئے ہیں۔
برطانیہ میں ان ملاقاتوں کے بعد امریکی صدر بائیڈن لیتھوانیا روانہ ہو جائیں گے، جہاں وہ نیٹو کی ایک بہت اہم سمٹ میں حصہ لیں گے۔ نیٹو سمٹ میں شرکت کے بعد بائیڈن متوقع طور پر فن لینڈ جائیں گے، جہاں وہ ہیلسنکی میں شمالی یورپ کی نارڈک ریاستوں کے رہنماؤں سے ملیں گے۔
Discover more from Balochistan Affairs
Subscribe to get the latest posts to your email.