سابق وفاقی وزیر میر ہمایوں عزیز کرد نے کہا ہے کہ بلوچستان کے مسائل کو حل کی جانب لے جانے کیلئے جعلی پارٹیاں بنانے کا سلسلہ بند، خونی واقعات کی تحقیقات اور لاپتہ افراد کو بازیاب کرایاجائے۔یہ بات انہوںنے گزشتہ روزدشت میں واقع اپنی رہائش گاہ پر سوشل ایکٹوسٹ، سیاسی کارکنوں اور نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے کہی۔
میر ہمایوں عزیز کرد نے کہا کہ پی ایس ڈی پی کی سیاست نے بلوچستان کے مسائل میں اضافہ کیا ہے، ریاست اگر چاہتی ہےکہ بلوچستان کے مسائل حل ہوں تو پہلے پہل بلوچستان میں پیش آنیو الے واقعات کی اعلیٰ سطحی تحقیقات کیلئے کمیشن تشکیل دے اور بلوچستان میں جعلی پارٹیاں بناکراقتدار ان کے حوالے کرنے والوں کو محاسبہ اور لاپتہ افراد کو بازیاب کرایا جائے۔
انہوں نے کہاکہ گزشتہ بیس سالوں کے دوران وفاق میں بننے والی حکومتوں نے مائنس بلوچستان حکومت قائم کرکے نفرتوں میں اضافہ کیاجس کے نتیجے میں آج کسی کو کسی پر اعتبار نہیں ہے۔
انہوں نے کہاکہ بلوچستان کے پرامن ماحول کو منصوبہ بندی کے تحت خراب کیا گیا 2002ء میں قائم حکومت نے صوبے کے بی ایریاز کواے ایریاز میں تبدیل کیا جس سے صوبے میں امن وامان کی صورتحال مخدوش ہوئی۔
انہوں نے کہاکہ بلوچستان میں صاف شفاف انتخابات کا انعقاد یقینی بنایا جائے تاکہ عوامی نمائندے آگے آکر بلوچستان کے مسائل کا حل تلاش کریں ۔
انہوں نے کہاکہ پی ایس ڈی پی کی سیاست کرنے والوں نے ریکوڈک کو فروخت کرکے صوبے کے حقیقی مسائل سے روگردانی کرکے اس جانب توجہ نہیں دی۔
Discover more from Balochistan Affairs
Subscribe to get the latest posts to your email.