کوئٹہ:
بلوچستان نیشنل پارٹی کا اجلاس مرکزی قائم مقام صدر ملک عبدالولی کاکڑ کی زیرصدارت منعقد ہوا- اجلاس میں پارٹی کے مرکزی فنانس سیکرٹری وپارلیمانی لیڈر ملک نصیراحمدشاہوانی،مرکزی ہیومن رائٹس سیکرٹری موسیٰ بلوچ مرکزی کمیٹی کے ممبر و ضلعی آرگنائز غلام نبی مری،مرکزی کمیٹی کے ممبر رکن بلوچستان اسمبلی احمد نواز بلوچ، طاہر شاہوانی ایڈووکیٹ، حاجی باسط لہڑی،آغا سیف اللہ اور بابو مراد نے شرکت کی اجلاس میں پاکستان ڈیموکرٹیک موومنٹ کے زیراہتمام آج 17نومبر کو کوئٹہ میں ملک بھر میں مہنگائی،بے روزگاری،تیل،گیس بجلی،ادویات،اشیائے خوردنوش کی قیمتوں میں بے تحاشا اضافے کے خلاف احتجاجی ریلی کے تیاریوں سے متعلق جائزہ لیا گیا۔
شرکاء نے پارٹی ذمہ داران اور کارکنوں پر زور دیتے ہوئے کہا کہ ہر عام وخاص شخص کی ذمہ داری بنتی ہے کہ ملک بھر میں بڑھتی ہوئی مہنگائی کے خلاف نکلے پی ڈی ایم آج عوام کیلئے سڑکوں پر سراپا احتجاج ہے- عوام کی ذمہ داری ہے کہ وہ پی ڈی ایم کے پلیٹ فارم سے اپنا احتجاج ریکارڈ کرائیں۔ آج پی ڈی ایم کے زیراہتمام احتجاجی ریلی شہید بابو نواب نوروز خان سپورٹس کمپلیکس(ایوب اسٹیڈیم)ہدہ سے 12بجے ریلی نکالی جائے گی جو مختلف شاہراہوں سے ہوتے ہوئے ریلی کے شرکاء عبدالستار ایدھی چوک (پرانا ہاکی چوک)پہنچیں گے- احتجاجی جلسے سے پی ڈی ایم کے مرکزی،صوبائی قائدین خطاب کرینگے۔
دوسری جانب بلوچستان نیشنل پارٹی کے پارلیمانی لیڈر ملک نصیراحمد شاہوانی کی رہائش گاہ کیچی بیگ میں حلقہ پی بی 31اور 32کے یونٹوں کے سیکرٹریز،ڈپٹی سیکرٹریز،ضلعی کونسلران،سینئر ارکان سمیت قبائلی عمائدین کامشترکہ کارنر میٹنگ منعقد کی گئی جبکہ برما ہوٹل کلی غریب آباد میں رکن صوبائی اسمبلی احمد نواز بلوچ کی رہائش گاہ پر بھی آج ہونے والی احتجاجی ریلی سے متعلق کارنر میٹنگ منعقد کی گئی جس کے مہمان خاص ایم پی اے احمدنوازبلوچ تھے۔ دونوں کارنرمیٹنگز کی صدارت پارٹی کے مرکزی کمیٹی کے ممبر وضلعی آرگنائزر غلام نبی مری کی زیرصدارت منعقد ہوئے۔ کارنر میٹنگز میں پی ڈی ایم کے زیراہتمام آج 17نومبر کو مہنگائی،بے روزگاری اور اشیائے خوردونوش کی قیمتوں میں اضافے کے خلاف احتجاجی ریلی کی تیاریوں کو حتمی شکل دی گئی۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ صبح10بجے ایک ریلی سریاب کسٹم،دوسری ریلی سریاب مل اور تیسری ریلی کلی بڑو سے ہوکر کیچی بیگ پہنچے گی جبکہ کیچی بیگ سے ریلی کے شرکاء سریاب روڈ سے ہوتی ہوئی سردارمنیراحمد مینگل روڈ پہنچے گی اس کے علاوہ سریاب کے تمام یونٹوں کے ریلی کے شرکاء سردارمنیراحمد مینگل روڈ پہنچیں گے جہاں سے ایک بڑی ریلی کی صورت میں پارٹی کارکن احتجاجی ریلی میں شرکت کیلئے شہید بابو نواب نوروز خان سپورٹس کمپلیکس(ایوب اسٹیڈیم)پہنچیں گے۔ علاوہ ازیں کلی غریب آبا د میں منعقد ہونے والے کارنر میٹنگ کے بعد ایک ریلی کے شرکاء سریاب کے مختلف گلیوں سے ہوتے ہوئے پی ڈی ایم کے سریاب کے مین استقبالیہ کیمپ میں آکر اختتام پذیر ہوئیں۔
Courtesy: Daily Intekhab
Discover more from Balochistan Affairs
Subscribe to get the latest posts to your email.