نرسنگ کالج آف پنجگور کی طالبات کا ٹیچنگ ہسپتال کے گیٹ کے اندر احتجاجی مظاہرہ، گائنی وارڈ، چلڈرن وارڈ، خواتین وارڈ کے روڈ کو بلاک کرکے شدید نعرے بازی و دھرنا دیا گیا۔ نرسنگ کالج کی طالبات نے بڑی تعداد میں شرکت کرکے اپنے مطالبات کے حق میں نعرے لگائے، اسکالر شپ بحال کرو، بحال کرو ٹیچر دو ٹیچر دو ورنہ کرسی چھوڑ دو۔ احتجاج کرنے والی طالبات نے اپنے ہاتھوں میں پلے کارڈ بینرز اٹھائے ہوئے تھے جن پر انکے مطالبات درج تھے۔
طالبات نے احتجاجی دھرنے سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ ہم گزشتہ دو سال سے ٹیچرز و اسکالر شپ کی محرومی کی خاطر سراپا احتجاج ہیں کوئی ہمیں سننے والا نہیں ہے حالیہ نرسنگ کالج کے امتحان میں کالج میں صرف تین طالبات پاس ہوئیں باقی سبھی فیل ہوئیں جن کے ذمہ دار ٹیچرز ہیں، دنیا میں یہ ایک نئی تاریخ ہے کہ ایک کالج بغیر کسی ٹیچر کے اسکے اسٹوڈنٹس امتحان کیسے دے سکتے ہیں جبکہ تمام تر تدریسی عمل روکا ہوا ہے امتحان کی تیاری بغیر ٹیچرز کے کیسے ممکن ہوسکتی ہے یہ ایک ظلم ہے جو ہمارے ساتھ روا رکھا گیا ہے
انہوں نے کہا ہے کہ صوبائی حکومت کی جانب سے ٹیچرز کے پنجگور کالج میں آرڈر و جوائننگ ہوئی ہیں وہ پنجگور کالج کے نام سے تنخواہیں بھی وصولی کررہے ہیں لیکن ڈیوٹی نہیں دے رہے ہیں اس حوالے سے گزشتہ تین سال سے احتجاج، پریس کانفرنس، مختلف فورم و لیٹر کی صورت میں حکام کو آگاہ کرچکے ہیں لیکن کسی کو پرواہ نہیں۔
انہوں نے کہا ہے کہ ہم اس دھرتی کی بلوچ بہنیں ہیں ہمارے ساتھ ظلم کیا جارہا ہے، آج اگر یہ کالج چلے گا تو اس کا فائدے پورے پنجگور بشمول بلوچستان کو ہوگا، اس پر غیر سنجیدگی سوالیہ نشان ہے۔
آج ہم سڑکوں پر نکلے ہیں، ہمیں خود اس معاشرے کی بے حسی پر افسوس و گھن آتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ دو سال سے اسکالر شپ نہ ملنے کی وجہ سے ٹرانسپورٹ و ریفریشمنٹ کے اخراجات ہم گھر سے کررہے ہیں، اس مہنگائی کے دور میں صوبائی حکومت ہمیں تحفظ دینے کے بجائے سخت امتحان لے رہی ہے۔
انہوں نے کہا ہے کہ اگر ہمارے مطالبات اسکالر شپ کی بحالی، ٹیچرز کی تعیناتی ڈیوٹی پر موجود گی ہاسٹل بلڈنگ اور موجودہ امتحان میں فیل کرنے والی طالبات کے دوبارہ امتحان لینے کے مطالبے کو حل نہیں کیا گیا تو مزید اپنے حقوق کے خاطر احتجاج کا دائرہ وسیع کریں گے
ہم پنجگور کے تمام سیاسی، سماجی، طلبہ تنظیموں، علما کرام، سول سوسائٹی اور تمام طبقہ فکر سے اپیل کرتے ہیں کہ ہمارا ساتھ دیں۔
Discover more from Balochistan Affairs
Subscribe to get the latest posts to your email.