بلوچستان فزیو تھراپی ایسوسی ایشن کی بھوک ہڑتال پر حکومتی غیرسنجیدگی افسوسناک ہے۔ بلوچ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن کے مرکزی ترجمان نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ فزیو تھراپسٹ کی جانب سے مطالبات کے حق میں تادم مرگ بھوک ہڑتال اس بات کی غمازی کرتا ہے کہ بلوچستان میں حکومتی کارکردگی انتہائی مخدوش ہے، جہاں نوجوانوں کو اپنے جائز مطالبات کیلئے احتجاج کی سخت ترین نوعیت تک مجبور کیا جارہا ہے۔
انہوں نے کہا ہے کہ گزشتہ پانچ ماہ سے پرامن احتجاج سے کوئی مثبت بتائج برآمد نہ ہوئے تو فزیو تھراپی ایسوسی ایشن کی جانب سے مجبوراً تادم مرگ بھوک ہڑتال کا اعلان کیا گیا۔ مسلسل سات دنوں کی بھوک ہڑتال سے فزیوتھراپی ایسوسی ایشن کے اراکین کی طبیعت بگڑتی جارہی ہے جبکہ دوسری طرف حکومت بے حسی کا چادر اوڑھ کر مکمل خاموش ہے۔
انہوں نے کہا کہ حکومتی غیرسنجیدگی تادم مرگ بھوک ہڑتال پر بیٹھے ڈاکٹروں کی صحت کیلئے خطرناک ثابت ہوسکتی ہے جو پہلے ہی سے انتہائی کمزور ہیں۔ ترجمان بی ایس او نے بیان کے آخر میں کہا ہے کہ بلوچستان فزیوتھراپسٹ کے جائز مطالبات تسلیم کیے جائیں۔
Discover more from Balochistan Affairs
Subscribe to get the latest posts to your email.