:کوئٹہ
بلوچستان نیشنل پارٹی کےمرکزی اعلامیہ کے مطابق پارٹی کا پانچواں مرکزی قومی کونسل سیشن بیاد رہشون سردار عطاء اللہ خان مینگل 22تا 24جنوری کوئٹہ میں منعقد ہو گا۔
اعلامیہ میں کہا گیا مرکزی کونسل سیشن بلوچستان کی سیاست میں سنگ میل ثابت ہوگا بی این پی کی اپنی ایک تاریخ ہے آمرہوں یا سول ڈکٹیٹر پارٹی نے آج تک حقیقی طور پر بلوچستان کی بقاء ‘ سلامتی ‘ ساحل وسائل کی حفاظت ‘ شہداء کے مشن کو پایہ تکمیل تک پہنچانے کیلئے جدوجہد کی۔
انہوں نے کہا مشرف دور سے لے کر آج تک پارٹی کے 90سے زائد رہنما کارکنوں کو شہید کیا گیا لیکن اس کے باوجود طویل جدوجہد سردار اختر جان مینگل کی قیادت میں ہنوز جاری ہے ہر دور میں پارٹی کے خلاف سازشیں کی گئی مگر باشعور بلوچ اور بلوچستان کی عوام کے سامنے پارٹی کی جدوجہد روز روشن کی طرح عیاں ہے۔
انہوں نے کہا موجودہ قومی کونسل سیشن سیاسی رہنما و کارکنوں کیلئے مشعل راہ ثابت ہوگا موجودہ حالات و واقعات اور سیاسی جدوجہد کو جدید بنیادوں پر استوار کرنے میں قومی کونسل سیشن اہم کردار ادا کرے گا بی این پی تمام عہدیداران قومی کونسل سیشن کی تیاریوں کو جلد حتمی شکل دیں تاکہ کامیاب قومی کونسل سیشن عوام کے امنگوں اور جذبات کی ترجمانی کرتے ہوئے بلوچستان کے بقاء سلامتی و وسائل کی حفاظت کر سکیں۔