وزیراعظم پاکستان میاں محمد شہباز شریف آج بروز جمعہ 3 جون کو ایک روزہ دورے پر گوادر پہنچ گئے ہیں، اس سے قبل وزیراعظم نے بطور مہمان کمانڈ اینڈ اسٹاف کالج کوئٹہ کی پاسنگ آؤٹ پریڈ میں شرکت کی۔ دورہ بلوچستان کے موقع پر وفاقی وزرا بھی ان کے ہمراہ تھے۔ پاکستان آرمی چیف بھی اس وقت کوئٹہ میں موجود ہیں۔ سرکاری ذرائع کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف گوادر کی نئی تعمیر شدہ بندرگاہ کا دورہ کریں گے۔
ذرائع کے مطابق وزیراعظم اور وفاقی کابینہ کے ارکان کو گوادر ڈویلپمنٹ اتھارٹی کی جانب سے بریفنگ دی جائے گی۔
وزیراعظم گوادر میں مختلف منصوبوں کا دورہ کریں گے جبکہ مختلف مقامی شخصیات بھی ان سے ملاقات کریں گی، گوادر کی ترقی میں سرگرم چینی اداروں کے عہدیدار بھی وزیر اعظم سے ملاقات کریں گے۔ وزیراعظم شہباز شریف کے دورۂ گوادر کے حوالے سے سیکیورٹی اداروں کی جانب سے سخت حفاظتی انتظامات کیے گئے ہیں۔