کوئٹہ:
بلوچی اکیڈمی کا تریسٹھواں سالانہ جنرل باڈی اجلاس چیئرمین سنگت رفیق کی زیر صدارت کوئٹہ میں منعقد ہوا۔
اجلاس میں جنرل سیکریٹری ڈاکٹر بیزن سبا نے رپورٹ میں گزشتہ سال کے دوران منعقد کئے گئے ادبی سرگرمیوں اور تقریبات، نشر واشاعت ودیگر منصوبوں کے متعلق ممبران کو آگہی دی۔
اس کے علاوہ سالانہ رپورٹ میں مالی اخراجات کے بارے میں ممبران کو بریفنگ دی گئی جبکہ اجلاس کے شرکا کو بلوچی اکیڈمی کے خلاف سازشوں سے بھی آگاہ کیا گیا۔
جنرل باڈی اجلاس میں اکیڈمی کے ممبران نے ایگزیکٹو باڈی کو تاکید کی کہ عبدالواحد بندیگ نے جو پیسے اکیڈمی سے چوری کیے ہیں ان کی واپسی کے لیے قانونی اور روایتی کاروائی کا عمل تیز کیا جائے۔
جنرل باڈی کو بتایا گیا کہ بلوچستان یونیورسٹی کے اسسٹنٹ پروفیسر حامد علی بلوچ نے اکیڈمی کا لیپ ٹاپ واپس کردیا ہے لیکن پیسوں کی ادائیگی تاحال نہیں کی ہے۔
اراکین نے ہدایت کی کہ رقوم کی واپسی کے لیے بھی ایگزیکٹو باڈی قانونی کاروائی کرے۔
اکیڈمی نے مجلس عاملہ کو ہدایت کی کہ وہ بچوں کے لیے تعلیمی مواد کی تیاری اور خاص کر کارٹون اور ویڈیو انیمیشن کی تیاری، غیر ملکی زبانوں کی کلاسیک تخلیقات کو بلوچی زبان میں ترجمہ اور بلوچی کے شاہکار ادبی و تاریخی مواد کو انگریزی یا دیگر زبانوں میں ترجمہ،بلوچی زبان کے لہجوں کے بارے میں تحقیق، بلوچی زبان کی کتابوں اورڈکشنری کی ویب سائیٹ اور جدید آئی ٹی سیکشن کا قیام،بلوچی میں اصطلاح سازی کے بارے میں اقدامات اٹھائے۔
جنرل باڈی نے ہدایت کی کہ تحقیقی مقالہ جات کے بارے میں بلوچستان یا ملک کے دوسری یونیورسٹیوں کے وائس چانسلران کے ساتھ رابطہ سازی کے عمل کو تیز کیا جائے۔