حکومتی وزرا کی جانب سے الیکشن کمیشن آف پاکستان پر مسلسل دباؤ بڑھایا جا رہا ہے اور کمیشن کے چیئرمین سمیت دیگر ذمہ داران سے مستعفی ہونے کے مطالبات میں شدت آ گئی ہے۔
وزیرِ اعظم عمران خان کی کابینہ میں شامل وفاقی وزیر برائے سائنس و ٹیکنالوجی فواد چوہدری نے دھمکی دی ہے کہ اگر الیکشن کمیشن مستعفی نہ ہوا تو سپریم کورٹ میں توہینِ عدالت کی درخواست دائر کی جائے گی۔
انہوں نے دعویٰ کیا کہ سینیٹ انتخابات میں الیکشن کمیشن اپنی ذمہ داری پوری نہیں کر سکا اس لیے متنازع الیکشن کمیشن آگے نہیں چل سکتا۔
فواد چوہدری نے اسلام آباد میں پریس کانفرنس میں کہا کہ الیکشن کمیشن کے اراکین کو خود ہی مستعفی ہو کر چلے جانا چاہیے۔ بصورتِ دیگر تمام قانونی آپشنز موجود ہیں۔
اُن کے مطابق ایک سیاسی جماعت ہونے کی حیثیت سے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) صرف عوام کا مطالبہ الیکشن کمیشن کے اعلیٰ عہدیداران تک پہنچا رہی ہے کہ استعفیٰ دے کر پارلیمنٹ کو نیا کمیشن تشکیل دینے کا موقع دیں۔
ان کا کہنا تھا کہ موجودہ الیکشن کمیشن اپنا وہ مقصد پورا نہیں کر رہا جس کے لیے یہ تشکیل دیا گیا تھا۔ اس کی ساکھ صرف اس وقت ہی معتبر ہو سکتی ہے کہ اگر تمام سیاسی جماعتیں اس پر بھروسہ کریں۔
Courtesy: VOA URDU