کابل:
امریکی سینٹرل کمانڈ کے مطابق، کابل ائیرپورٹ دھماکوں میں ہلاک ہونے والے امریکی فوجیوں کی تعداد 13 ہو گئی ہے، جبکہ زخمی فوجیوں کی تعداد 18 بتائی گئی ہے۔ اس سے قبل امریکی محکمہ دفاع کی جانب سے منعقدہ پریس بریفنگ میں بتایا گیا تھا کہ جمعرات کے دن کابل ایئرپورٹ کے ایک داخلی گیٹ کے قریب ہونے والے دو خود کش بم دھماکوں کے نتیجے میں 12 امریکی فوجی ہلاک، جب کہ 15 زخمی ہوئے ہیں۔
جبکہ خبر رساں ادارے ایسو سی ایٹڈ پریس نے نام نہ بتانے کی شرط پر ایک افغان اہل کار کے حوالے سےرپورٹ کیا ہے کہ ان خودکش حملوں میں کم از کم 60 افغان شہری ہلاک، جب کہ 143 زخمی ہوئے۔ دھماکے انخلا کے لیے ائیر پورٹ کے باہر موجود افغان باشندوں کی بھیڑ کے درمیان ہوئے۔
امریکی صدر جو بائیڈن نے کہا ہےکہ انخلا کا امریکی مشن جاری رہے گا، اور دہشت گردی کی کوئی کارروائی ہمارے عزم کو متزلزل نہیں کر سکتی۔ ساتھ ہی، امریکی صدر نے کہا کہ ہم داعش (خراسان) کو شکست دے کر رہیں گے، اور اسے کیفر کردار تک پہنچایا جائے گا۔
وائٹ ہاؤس سے ٹیلی ویژن پر خطاب کرتے ہوئے، صدر نے کہا کہ اگر سر زمین پر موجود ملٹری کمانڈروں نے مزید فوج بھیجنے کی سفارش کی، ”تو میں یقینی طور اس کی اجازت دے دوں گا”۔
Courtesy: VOA URDU
Discover more from Balochistan Affairs
Subscribe to get the latest posts to your email.