اسلام آباد: بلوچستان نیشنل پارٹی کے سربراہ سردار اختر جان مینگل نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ حکومت صرف آرڈیننس اور آرڈیننس فیکٹری والوں کے سہارے چل رہی ہے، آئین میں ترمیم صدارتی آرڈیننس کے ذریعے نہیں کی جاسکتی، حکومت سینیٹ کے انتخابات خفیہ کی بجائے اوپن بیلٹ کے ذریعے کروانا چاہتی ہے اور یہ آئینی ترمیم سے ممکن ہے، اس مسئلے پر حکومت نے سپریم کور ٹ سے بھی رائے طلب کی تھی جسے سپریم کورٹ نے مسترد کردیا تھا۔
انہوں نے کہا کہ اوپن بیلٹ صرف اور صرف آئینی ترمیم کے ذریعے ہی ممکن ہے، سینیٹ اور قومی اسمبلی کے اجلاسوں کے دوران صدارتی آرڈیننس جاری کرنا آئین کی خلاف ورزی ہے، صدر اگر ایسے آرڈیننس جاری کریں تو ان کے خلاف آئین کی خلاف ورزی کے حوالے سے مقدمہ درج ہونا چاہیے۔
اخترجان مینگل کا کہنا تھا کہ صدر مملکت کے خلاف کاروائی ہونی چاہیے، اپوزیشن کو سنجیدگی سے صدر کے مواخذے کا لائحہ عمل تیار کرنا ہوگا۔
Source: Daily Azadi Quetta
Discover more from Balochistan Affairs
Subscribe to get the latest posts to your email.