Tuesday, May 14, 2024
BALOCHI        URDU        BRAHUI        ENGLISH
About Us        Contact Us        Privacy Policy

ڈھاکا :

 انسانی حقوق کی بین الاقوامی تنظیم ‘ایمنسٹی انٹرنیشنل’ نے بنگلا دیش کی مرکزی اپوزیشن جماعت بنگلا دیش نیشنلسٹ پارٹی (بی این پی) کے طلبہ ونگ چھاترا دل کے چھے ارکان کو جمعے کی رات لاپتا کیے جانے پر تشویش کا اظہار کیا ہے۔ ایمنسٹی انٹرنیشنل نے چھ لاپتا افراد میں سے دو کے اہل خانہ اور ان کے وکیل سے بات کی تو معلوم ہوا کہ ان چھ افراد کو دارالحکومت ڈھاکہ کے علاقے عظیم پور کی ڈیٹیکٹو برانچ کے سویلین لباس میں ملبوس افراد اپنے ساتھ لے کر گئے ہیں۔

 ایمنسٹی انٹرنیشنل کی ہفتے کو کی گئی سوشل میڈیا پوسٹ کے مطابق اٹھائے جانے والے افراد کے اہلِ خانہ اور وکیل کے پولیس سے معلومات حاصل کرنے کے باوجود ان کے بارے میں کچھ معلوم نہیں ہو سکا۔ بنگلہ دیش میں معاشی بحران اور بڑھتی مہنگائی کے خلاف بی این پی نے حالیہ عرصے میں شیخ حسینہ واجد کی حکومت اور ان کی جماعت عوامی لیگ کے خلاف متعدد احتجاجی مظاہرے کیے۔

 بی این پی کا مطالبہ ہے کہ وزیراعظم حسینہ واجد اگلے عام انتخابات سے قبل اپنے عہدے سے علیحدہ ہوں اور انتخابات غیر جانب دار نگراں حکومت کے تحت کرائے جائیں۔

 یاد رہے کہ بنگلہ دیش میں انتخابات آئندہ برس جنوری میں ہونا ہیں۔ انسانی حقوق کی تنظیم نے پولیس سے مطالبہ کیا کہ ان چھ لاپتا افراد کے بارے میں فوری بتایا جائے اور یہ واضح کیا جائے کہ ان افراد کو کن قانونی بنیادوں پر حراست میں لیا گیا ہے اور انہیں مناسب قانونی امداد فراہم کی جائے۔

ایمنسٹی انٹرنیشنل نے بنگلہ دیشی حکام سے مطالبہ کیا کہ وہ ان افراد کے ٹھکانے کے بارے میں بتائیں اور یہ افراد ان کے تحویل میں ہیں، تو انہیں فوری طور پر رہا کیا جائے یا انہیں فوری طور پر عدالت میں پیش کیا جائے تاکہ ان کی حراست کی قانونی حیثیت کا جائزہ لیا جا سکے۔

Exit mobile version