بلوچ یکجہتی کمیٹی (کراچی) نے اپنے جاری کردہ بیان میں سمی دین محمد کی جانب سے ریلی کے اعلان کی حمایت کی ہے جو 28-جون-2021 کو کراچی آرٹس کاؤنسل تا کراچی پریس کلب تک منعقد کیا جائے گا.
بلوچ یکجہتی کمیٹی نے بیان میں کہا کہ بہت افسوس ہوتا ہے کہ جب اپنی قوم کے بچے بچیوں کو اس طرح سے روڈ پر اپنے پیاروں کی بازیابی کے لیے کبھی احتجاج٬ کبھی بھوک ہڑتالی کیمپ٬ کبھی کراچی پریس کلب٬ کبھی کوئٹہ پریس کلب٬ کبھی اسلام آباد ڈی چوک چاہے سردی ہو چاہے گرمی سڑکوں پر ہاتھ میں اپنے پیاروں کی تصویریں٬ چہروں پر درد و الم٬ لبوں پر جھوٹی ہنسی٬ دل میں ایک ایسی درد جس کو چاہ کر بھی نہ بیان کرسکیں اور اگر بیان کیا بھی جائے تو اس معیار کے الفاظ نہ مل پائیں کہ جو اس درد کو بیان کر پائیں۔
انہوں نے کہا کہ آج مہلب و سمی اپنے والد کی بازیابی کے لیے ہزار دکھ ہزار تکلیفیں برداشت کرکے نہیں تھکی ہیں اور انہوں نے عہد کر لیا ہے کہ ہم اپنے والد کو ضرور بازیاب کریں گے اور اس بازیابی میں وہ اپنے قوم و وطن کے لوگوں سے بروزِ پیر 28-جون-2021 کو منعقد ہونے والی ریلی میں بھرپور شرکت کی اپیل کرتی ہے۔
انہوں نے تمام تر اداروں سے اپیل کی کہ اس مسئلے کو جتنا پرامن طریقے سے حل کیا جا سکتا ہے اس کے حل کے لئے اپنا بھرپور کردار ادا کرے اور ہم سمی دین محمد کی کاوشوں و کوششوں کو سراہتے ہیں اور ہم تمام تر لوگوں سے اس ریلی میں شرکت کی اپیل کرتے ہیں۔