پنجگور :
انجمن تاجران کمیٹی پنجگور کے صدر فرید نواز ،جنرل سیکرٹری قائم الدین، نائب صدر عطامحمد دہانی، حاجی نواب خان حاصل خان نے دیگر تاجروں کے ہمراہ ایک پرہجوم پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے چیف سیکرٹری بلوچستان اور دیگر حکام سے پنجگور کے تاجروں کے ساتھ ہونے والی ناانصافیوں پر نوٹس لینے کا مطالبہ کیا۔
تاجران کمیٹی کے رہنماؤں نے کہا کہ کراچی سے پنجگور کے لئے جو مال آرہا ہے اسے اسمگلنگ کا نام دے کر گڈانی کسٹم پولیس بیسمہ خضدار کسٹم لیویز روک کر تاجربرادری کو پریشان کررہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ گڈانی میں ہماری گاڑیوں کو تین دن تک روکا جاتا ہے حالانکہ ہمارے پاس پرمٹ سمیت دیگر ضروری کاغذات ساتھ موجود ہوتے ہیں اسکے باوجود گاڑیوں کو روک کر رشوت طلب کیا جاتا ہے ۔
انہوں نے کہا کہ پنجگور بلوچستان کا ایک ضلع اور پاکستان کا ایک سرحدی شہر ہے یہ کوئی علاقہ غیر نہیں جس میں ملکی مصنوعات اور کھانے پینے کی چیزین لیجانے پر پابندی ہے کسٹم اور دیگر فورسز نے پنجگور کے لیے کھانے پینے کی اشیا لانے والی گاڑیوں کو تنگ کرنے کا سلسلہ بند نہیں کیا تو مرکزی انجمن تاجران کمیٹی کے ساتھ ملکر ان ناانصافیوں کے خلاف احتجاج کرینگے۔
انہوں نے کہا کہ چینی لانے پر پابندی اور جگہ جگہ رشوت خوری کی وجہ سے پنجگور میں چینی کا بحران پیدا ہوگیا ہے ملک میں اگر چینی پچاس کلو کا تھیلہ ساڑھے چھ اور سات ہزار روپے کے درمیان ہے پنجگور میں 12 ہزار روپے میں بھی شہریوں کو دستیاب نہیں ہے یہ ناانصافی ہے جس سے تاجر برادری سمیت پنجگور کی دس لاکھ آبادی متاثر ہے۔
انہوں نے کہا کہ اس مسلے پر ہم گورنر بلوچستان ایڈیشنل چیف سکریٹری کمشنر مکران سے بھی مل چکے ہیں انکی طرف سے یقین دہانیوں کے باوجود گڈانی کسٹم پولیس لیویز کا رویہ اپنی جگہ برقرار ہے۔
انہوں نے کہا کہ اگر حالات ایسے رہے تو ہم مجبورا مال لانا بھی بند کردینگے کیونکہ کسٹم اور دیگر صوبائی فورسز کی وجہ سے تاجر برادری کافی مشکلات کا شکار ہے۔