گوادر:
نیشنل پارٹی کے مرکزی صدر و سابقہ وزیر اعلیٰ بلوچستان ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ نے کہا ہے کہ نیشنل پارٹی اپنے سیاسی افکار اور اصول پسندانہ فکر سیاست کی وجہ سے عوامی توجہ کا محور بن چکا ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے نیشنل پارٹی کے ضلعی سیکرٹریٹ گوادر میں موجودہ سیاسی صورتحال اور تنظیمی امور پر خطاب کرتے ہوئے کیا۔
انہوں نے کہا کہ مکران ہمیشہ سے نیشنلزم کی سیاست کا گہوارہ رہا ہے نیشنلزم کے فلسفہ نے اس خطہ کی شعوری بالیدگی اور فکری آبیاری کو مہمیز فراہم کی ہے مگر موجودہ دور میں نیشنلزم کا راستہ روکنے کے لئے صف بندی کی جارہی ہے تاکہ سماج کو غیر سیاسی بنایا جائے۔ انہوں نے کہا کہ انتخابات چوری کرنے اور ٹپہ ماری اپنی موت مرنے جارہی ہے اگر اب بھی کوئی سوچتا ہے کہ وہ ٹپہ لگا کر عوام کی رائے کی بدلے گا تو اپنا یہ خیال دل سے نکالے۔ عوامی نمائندگی پر شب خون مارکر جن لوگوں کو عوامی نمائندگی سونپ دی گئی ہے اس سے احساس محرومی میں مزید اضافہ ہوا ہے۔ انہوں نے کہا کہ نیشنل پارٹی اصولی سیاست پر یقین رکھتی ہے ہم نے کبھی بھی عوام کو سبز باغ نہیں دکھائے بلکہ زمینی حقائق کے عین مطابق اپنی سیاست کو آگے بڑھایا ہے یہی وجہ ہے نیشنل پارٹی کو روز بروز عوامی پزیرآئی مل رہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ نیشنل پارٹی کی سیاست مصلحت سے پاک ہے ہم سیاست میں مصلحت پسندی کو معیوب سمجھتے ہیں ہماری طاقت کا سرچشمہ عوام ہے۔ انہوں نے پارٹی کے رہنماو¿ں اور کارکنوں پر زور دیا کہ وہ عوامی رابطہ مہم تیز کریں اور تنظیم کاری پر اپنی توجہ مرکوز رکھیں۔ یہاں پر قابض سیاسی اشرافیہ عوامی مسائل کے حل میں ناکام ہوچکی ہے نیشنل پارٹی ہی وہ واحد سیاسی جماعت ہے جو عوامی کی خدمت کے لئے وڑن رکھتی ہے اگر نیشنل پارٹی پر عوام نے اعتماد کیا تو ان کے اعتماد کو ٹھیس نہیں پہنچائے گی۔ اس موقع پر نیشنل پارٹی کے مرکزی رہنماءاشرف حسین، واجہ ابل حسن، ڈاکٹر نور، محمدجان دشتی، نیشنل پارٹی کے ضلعی صدر فیض نگوری، جنرل سیکریٹری یوسف عبدالرحمن، سینئر رہنماءمجید عبداللہ، رفیق جمعہ، محمد حیاتان، سابقہ تحصیل ناظم جیونی اکرم رمضان، نیشنل پارٹی تحصیل گوادر کے صدر ناگمان بلوچ، جنرل سیکریٹری ولید مجید، رابطہ سیکریٹری اسماعیل شیخ، مراد ڈوری، بی ایس او کے زوال صدر کے ڈی بلوچ، نائب صدر عبدالمطلب اور دیگر بھی موجود تھے۔