فوزیہ بلوچ زونل صدر اور زکریہ اسماعیل زونل جنرل سیکرٹری منتخب
بلوچ اسٹوڈنٹس ایکشن کمیٹی کراچی زون کا جنرل باڈی اجلاس زونل صدر پیر جان بلوچ کے زیر صدارت منعقد ہوا جس میں مرکزی کمیٹی کے رکن وحید بلوچ بطور مہمان خاص شریک ہوئے۔ اجلاس میں سابقہ رپورٹ، تنقیدی نشست، تنطیمی امور اور عالمی و علاقائی سیاسی صورتحال پر سیر حاصل بحث کے بعد آئندہ لائحہ عمل کے ایجنڈے میں نئی کابینہ کا انتخاب عمل میں لایا گیا جس میں فوزیہ بلوچ زونل صدر جبکہ ذکریہ بلوچ زونل جنرل سیکرٹری منتخب ہوئے۔
اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے مرکزی کمیٹی کے رکن وحید بلوچ کا کہنا تھا کہ بلوچ اسٹوڈنٹس ایکشن کمیٹی کو عہد حاضر میں بلوچ طالبعلموں کے ترجمان کی حیثیت حاصل ہے۔ جہاں تنظیم طالبعلموں کی سطح پر علمی، سیاسی اور ادبی تقریبات کا انعقاد کرتے ہوئے معاشرے میں شعوری بحث مباحثوں کو ترویج دینے کی کوشش کر رہی ہے وہیں عوامی سطح پر رونما ہونے والے آفتوں سے بلوچ عوام کو ہونے والے نقصان کا ازالہ کرنے کی کوششوں میں مصروف ہے۔ ایک ایسے وقت میں جب مقتدر قوتوں کی جانب سے بلوچ عوام کو آفتوں کے رحم و کرم پر چھوڑ ا ہوا ہے تو اس عمل کو ایک قومی ذمہ داری سمجھ کر مزید وسعت دینے کی کوشش کرنی ہے۔ بلوچ نیشنلزم پر عمل پیرا ایک طلبا تنظیم کی حیثیت سے ہمیں ہر طرح کے مشکل کی گھڑی میں اپنی قوم کے شانہ بشانہ کھڑے ہو کر جدوجہد جاری رکھنی ہے۔
انھوں نے کہا کہ بلوچ سماج میں علمی ، ادبی اور دیگر ترقی پسندانہ بحث مباحثوں کو پروان چڑھانے کےلیے تنظیم کی جانب سے جہاں لٹریچر شائع کی جا رہی ہے تو دوسری جانب بلوچستان بھر میں فیسٹیول منعقد کرنے کے ساتھ ساتھ مختلف تقریبات کا انعقاد کیا جا رہا ہے تاکہ بلوچ نوجوان سمیت بلوچ عوام علم و شعور کی روشنی سے مستفید ہو کر قومی ترقی میں کلیدی کردار اد اکر سکیں۔ ہم اسی نوجوان نسل کو بلوچ قوم کے مستقبل کی ضامن کے طور پر جانتے ہیں اور ہمیں یقین ہے کہ شعور سے لیس یہ نوجوان آنے والے وقتوں سماج کےلیے نئی راہیں متعین کریں گے۔ ایک طالبعلم کے حیثیت سے ہمیں اپنی ذمہ داریوں کا ادراک رکھتے ہوئے اپنی بیشتر توجہ کتب بینی اور مطالعہ پر مرکوز رکھنے کی ضرورت ہے کیونکہ کتابیں ہی علم و شعور کا بہترین وسیلہ ہیں۔
اجلاس میں مختلف ایجنڈوں پر سیر حاصل بحث کے بعد آئندہ لائحہ عمل کے ایجنڈے میں نئی کابینہ کا انتخاب عمل میں لایا گیا جس میں فوزیہ بلوچ زونل صدر، جاوید اختر نائب صدر، زکریا اسماعیل جنرل سیکرٹری، ابراہیم بلوچ ڈپٹی جنرل سیکرٹری اور رضوان بلوچ بطور انفارمیشن سیکرٹری منتخب ہوئے۔ مرکزی کمیٹی کے رکن وحید بلوچ نے نو منتخب کابینہ سے حلف لیا اور تنظیمی عہدیداران نے تنظیمی پروگرام کو آگے لے جانے کی ہر ممکن جدوجہد کا اعادہ کیا۔