خبر ایجنسی کے مطابق فرانس میں مسلسل تیسرے روز بھی کورونا وائرس کے ریکارڈ کیسز سامنے آئے ہیں۔
گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران فرانس میں مزید 1 لاکھ 4 ہزار سے زائد نئے مریض سامنے ہیں جبکہ فرانس میں ویکسین شدہ اور بوسٹر لگانے والوں کو ہیلتھ پاس جاری کرنے پر غور کیا جا رہا ہے۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق کورونا وائرس کی قسم اومی کرون نے دنیا بھر میں فضائی سفر کو متاثر کردیا ہے، دنیا بھر میں 6 ہزار تین سو سے زیادہ پروازیں منسوخ کرنا پڑ گئیں جبکہ کئی ایئر لائنز کے پائلٹس اور فضائی عملے کو بیماری کی شکایت پر قرنطینہ کر دیا گیا۔
بھارتی میڈیا کے مطابق اومیکرون کیسز میں اضافے کوروکنے کے لئے اترپردیش اورمدھیہ پردیش ریاستوں میں رات کا کرفیو نافذ کرنے کا اعلان کیا گیا ہے۔ کرفیو رات 11 بجے سے صبح 5بجے تک رہے گا۔بھارت میں کورونا وائرس کی پابندیوں کومزید سخت کردیا گیا ہے،اور 15 سے 18 سال کے افراد کو 3 جنوری سے کورونا ویکسین لگانے کا اعلان کیا گیا ہے۔
دوسری جانب ملکی خبر ایجنسی کے مطابق چین میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کورونا وائرس کے 21 ماہ کے ریکارڈ 206 نئے کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔
شہر ژیان میں 24 گھنٹوں کے دوران کورونا وائرس کے مقامی منتقلی کے 155 کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔
غیر ملکی خبر ایجنسی نے بتایا ہے کہ 13 ملین کی آبادی والے شہر ژیان میں مکمل لاک ڈاؤن کا آج چوتھا روز ہے۔
خیال رہے1 ارب 43 کروڑ سے زائد آبادی والے ملک چین میں کورونا وائرس کا پہلا کیس سامنے آیا تھا، چین اس فہرست میں 114 نمبر پر پہنچ چکا ہے۔
چین بھر میں کورونا مریضوں کی تعداد 1 لاکھ 1 ہزار 77 ہو چکی ہے جبکہ کُل ہلاکتوں کی تعداد کافی عرصے سے 4 ہزار 636 پر رکی ہوئی ہے۔
عالمی ادارہ صحت (ڈبلیو ایچ او) کا کہنا ہے کہ کورونا وائرس کے تمام ویرینٹس کے خلاف سب سے مؤثر ہتھیار ویکسین لگوانا ہی ہے۔