ولبر اسمتھ (Wilbur Smith) کی اچانک موت کی ان کے پبلشر نے بھی تصدیق کر دی۔ ولبر اسمتھ کے ٹوئٹر اکاؤنٹ سے کی گئی ایک ٹویٹ کے مطابق ان کا انتقال ہفتہ تیرہ نومبر کی سہ پہر ہوا۔ اس ٹویٹ میں لکھا گیا، ”ہم بڑے افسوس کے ساتھ یہ اعلان کرتے ہیں کہ عالمی سطح پر بہت زیادہ پڑھے اور پسند کیے جانے والے بیسٹ سیلر مصنف ولبر اسمتھ کیپ ٹاؤن میں اپنے گھر پر اچانک انتقال کر گئے۔ ان کی موت کے وقت ان کی اہلیہ نیسو ان کے پاس تھیں۔‘‘
ان کے انتقال کے بعد اسی طرح کے اعلانات ولبر اسمتھ بکس نامی ادارے کی ویب سائٹ اور کئی سوشل میڈیا اکاؤنٹس پر بھی کیے گئے۔ ولبر اسمتھ کی رحلت کی ولبر اینڈ نیسو اسمتھ فاؤنڈیشن کی ویب سائٹ پر بھی تصدیق کر دی گئی ہے۔
جنوبی افریقہ کے یہ انتہائی مشہور مصنف آج کل کے افریقی ملک زیمبیا میں پیدا ہوئے تھے۔ زیمبیا نے آزادی جنوبی افریقہ سے حاصل کی تھی۔ ان کا اولین ناول When the Lion Feeds تھا، جو 1964ء میں شائع ہوا تھا۔
اس کے بعد انہوں نے اپنے کئی عشروں پر محیط کیریئر میں مزید 48 ناول لکھے۔ ان کی تصانیف کی مجموعی طور پر 140 ملین سے زائد کاپیاں فروخت ہوئیں اور ان کے دنیا کی 30 سے زائد زبانوں میں تراجم ہو چکے ہیں۔
ولبر اسمتھ بکس نامی پبلشنگ ہاؤس نے اپنی ویب سائٹ پر ایک اعلان میں کہا، ”ہم ولبر اسمتھ کے دنیا بھر میں پھیلے ہوئے ان کروڑوں مداحوں کے شکر گزار ہیں، جنہوں نے ان کے ناولوں کو بے حد پسند کیا اور جو مصنف کے طور پر ولبر اسمتھ کے تخلیقی سفر میں قارئین کے طور پر ان کے ہم سفر رہے۔‘‘
ولبر اسمتھ کے دو انتہائی مشہور ناولوں Gold Mine اور Shout at the Devil کو فلمایا بھی جا چکا ہے۔ ان کے لٹریری ایجنٹ کیون کونرائے اسکاٹ نے اپنے ایک بیان میں کہا، ”ولبر اسمتھ ایک ایسے ادیب تھے، جن کا افریقہ کے بارے میں علم اور تخلیقی تخیل دونوں ہی لامحدود تھے۔‘‘
Courtesy: DW
- CAP to hold a side event on Balochistan at the United Nations - March 14, 2023
- ولی کاکڑ! تمہیں ضرور یاد ہوگا، گورنر تعینات ہونے پر ولی کاکڑ کو بلوچ رہنماء جاوید مینگل کا پیغام - March 6, 2023
- زمینداروں نے بجلی کی بندش کیخلاف بلوچستان میں شاہراہیں بند کردیں، لوڈشیڈنگ ختم کرنے کا مطالبہ - March 2, 2023