ضلع کیچ میں مڈل اسٹینڈرڈ کے سالانہ امتحانات شروع ہوگئے، گورنمنٹ گرلز ہائی سکول تمپ میں کل 93 امیدوار امتحان میں حصہ لے رہی ہیں
ضلع کیچ میں پیر سے مڈل اسٹینڈرڈ کے سالانہ امتحانات شروع ہوگئے، تحصیل تمپ میں گورنمنٹ گرلز ہائی سکول تمپ اور لڑکوں کے لیے گورنمنٹ بوائز ہائی سکول تمپ کو امتحانی مرکز بنایا گیا ہے۔
گورنمنٹ گرلز ہائی سکول تمپ میں سپرنٹنڈنٹ امتحان شاری بلوچ کی نگرانی میں کل 93 امیدوار امتحان میں شامل ہیں جن میں ہائی سکول تمپ کے 50 امیدوار، گرلز مڈل سکول پھل آباد سے 19، مڈل سکول دازن سے 12، تمپ گرائمر سکول سے 9 اور 3 پرائیوٹ امیدوار شامل ہیں۔
گرلز ہائی سکول تمپ کے امتحانی سینٹر کے سپرنٹنڈنٹ شاری بلوچ، ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ گلشن اقبال اور ایڈیشنل ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ مھناز محمود ہیں۔ سپرنٹنڈنٹ شاری بلوچ نے بتایا کہ امتحان کے پہلے دن خوشگوار ماحول میں امیدواروں نے اپنا پرچہ حل کیا ہماری کوشش ہوگی کہ امتحان اسی طرح ایک پرفضا ماحول کے ساتھ اختتام پذیر ہوں۔
انہوں نے کہاکہ امتحان میں شامل تمام طالبات کو نقل کی سختی سے ممانعت ہے ہم نے طالبات کو بتادیا ہے کہ اگر کسی نے نقل کی مدد سے امتحانی پرچہ حل کرنے کی کوشش کی تو ان کے خلاف کارروائی کی جائے گی۔ انہوں نے کہاکہ گرلز ہائی سکول تمپ تحصیل تمپ کا سب سے بڑا امتحانی مرکز ہے جس میں مختلف علاقوں کے گرلز مڈل اسکولوں کے امیدوار شریک ہیں۔