امریکی صدر جو بائیڈن یوکرین پر روسی حملے کے ایک برس مکمل ہونے سے قبل دو روزہ دورے پر پیر کی شام کو پولینڈ کے دارالحکومت وارسا پہنچے۔ پولش ٹیلیویژن نے بائیڈن کی ایئر فورس ون کی اپنے ایئر پورٹ پر لینڈنگ کو نشر بھی کیا۔
اس سے قبل وہ پیر کے روز اچانک یوکرین کے دارالحکومت کییف پہنچے تھے اور وہاں چند گھنٹوں کے قیام کے بعد وہ وارسا کے لیے روانہ ہوئے۔ کییف میں انہوں نے یوکرین کے صدر وولودیمیر زیلنسکی سے ملاقات کی تھی۔
گزشتہ برس 24 فروری کو روسی حملے کے بعد امریکی صدر کا یوکرین کا یہ پہلا دورہ تھا۔ جنگ کے دوران ان کا دورہ کییف یوکرین کی حمایت کے لیے ان کا ایک مضبوط اشارہ سمجھا جا رہا ہے۔
گزشتہ جون میں بائیڈن نے کہا تھا کہ روس کی دھمکیوں کے جواب میں امریکہ پولینڈ میں ایک نیا مستقل فوجی ہیڈکوارٹر قائم کرنا چاہتا ہے۔
بائیڈن اپنے دورے کے دوران پولینڈ کے صدر آندریج ڈوڈا اور اعلیٰ مرکزی یورپی حکام سے بھی ملاقاتیں کرنے والے ہیں۔
وائٹ ہاؤس کا کہنا ہے کہ صدر جو بائیڈن جلد ہی یوکرین کو مزید سازو سامان کی فراہمی کا اعلان کریں گے، جس میں توپ خانہ گولہ بارود، اینٹی آرمر سسٹم اور فضائی نگرانی کے ریڈار شامل ہیں۔