ایپل کے نئے آئی فونز ستمبر میں متعارف کرائے جانے کا امکان ہے مگر ان کے حوالے سے حالیہ مہینوں میں بہت زیادہ لیکس سامنے آئی ہیں۔
اب ایک نئی لیک میں آئی فون 15 پرو اور آئی فون 15 پرو میکس کے ڈیزائن کی واضح جھلک پیش کی گئی ہے۔
9 ٹو 5 میک نے آئی فون 15 پرو ماڈلز کے کمپیوٹر ایڈڈ ڈیزائن (سی اے ڈی) کی تصاویر جاری کی ہیں جن سے عندیہ ملتا ہے کہ یہ نئے فونز ڈیزائن کے لحاظ سے گزشتہ سال کی ڈیوائسز کے مقابلے میں کچھ مختلف ہوں گے۔
اس بار پرو ماڈلز میں یو ایس بی سی چارجنگ پورٹ کے اضافے کے ساتھ بیزل (کناروں کی پٹیاں) کا حجم بھی کم کیا گیا ہے۔
اسی طرح نئی تصاویر میں ایپل واچ الٹرا کی طرح کا ایکشن بٹن بھی نظر آرہا ہے جو آئی فون 15 پرو ماڈلز میں میوٹ سوئچ کی جگہ لے گا۔
ایپل کی جانب سے نئے فونز کے بارے میں باضابطہ طور پر کچھ نہیں کہا گیا تو ڈیزائن کے حوالے سے کچھ کہنا مشکل ہے۔
مگر عموماً کمپنیوں کی جانب سے اس طرح کے ڈیزائن نئے فونز متعارف کرانے سے کئی ماہ قبل تیار کر لیے جاتے ہیں تاکہ ان کے فون کیس تیار ہو سکیں۔
گزشتہ دنوں ایک لیک میں بتایا گیا تھا کہ آئی فون 15 پرو میکس (ایسا بھی کہا جا رہا ہے کہ یہ ماڈل آئی فون 15 الٹرا کے نام سے متعارف کرایا جائے گا) میں ایپل کمپنی کی تاریخ کا سب سے بڑا کیمرا سنسر موجود ہوگا۔
48 میگا پکسل کیمرا سنسر کا حجم 1/1.14 انچ ہوگا جو روشنی کو زیادہ بہتر طریقے سے جذب کرنے کے ساتھ ساتھ باریک تفصیلات بھی محفوظ کر سکے گا۔
آئی فون 15 سیریز میں کیا کچھ نیا ہو سکتا ہے؟
کچھ عرصے قبل ایک لیک میں بتایا گیا تھا کہ آئی فون 15 پرو میکس کے فرنٹ ڈسپلے میں کناروں کی پٹی یا بیزل اس وقت دستیاب تمام اسمارٹ فونز کے مقابلے میں سب سے کم ہوں گے۔
آئی فون 15 پرو میکس میں بیزل کا حجم محض 0.06 انچ ہوگا۔
اسی طرح مختلف لیکس میں بتایا گیا تھا کہ آئی فون 15 پرو ماڈلز کے ڈیزائن میں والیوم بٹن کو تبدیل کیا گیا ہے اور اس کا استعمال اب زیادہ آسان ہو جائے گا جبکہ سائیلنٹ سوئچ کو ایکشن بٹن سے بدلا جا رہا ہے۔
ایپل کی جانب سے آئی فون 15 سیریز میں چارجنگ کے لیے یو ایس بی ٹائپ سی پورٹ بھی دی جائے گی، جس کا مطالبہ صارفین کافی عرصے سے کر رہے ہیں۔
اس وقت آئی فون کو لائٹننگ کیبل سے چارج کیا جاتا ہے۔
یہ 11 سال بعد پہلی بار ہوگا جب ایپل کی جانب سے آئی فونز میں ایسی تبدیلی کی جائے گی۔
یو ایس بی ٹائپ سی پورٹ سے ہٹ کر آئی فون 15 سیریز کے تمام فونز میں ڈائنامک آئی لینڈ کا فیچر دیے جانے کا امکان ہے، جو 2022 میں آئی فون 14 پرو ماڈلز تک محدود رکھا گیا۔
خیال رہے کہ آئی فون 15 سیریز کو ستمبر 2023 میں متعارف کرائے جانے کا امکان ہے جو 4 ماڈلز پر مبنی ہوگی۔
Discover more from Balochistan Affairs
Subscribe to get the latest posts to your email.